خیبر کے ایک گھر میں پانچ بچوں کی ’پراسرار موت‘ کے بارے میں ہم کیا جانتے ہیں؟

399862 1730370713


خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں محکمہ صحت کے حکام کے مطابق رواں ہفتے ایک ہی خاندان کے پانچ بچے ’پراسرار حالات میں‘ تین دن کے اندر یکے بعد دیگر جان سے چلے گئے، جبکہ چار دیگر بچوں کی طبیعت بھی اچانک خراب ہوئی، جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔

محکمہ صحت نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ابتدائی شبہ ہے کہ بچوں کی اموات کی وجہ کیڑے مار یا چوہے مار دوا کھانا ہو سکتی ہے، تاہم حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی۔

سات تا نو نومبر کے دوران مرنے والے ان بچوں میں تین بچیاں اور دو لڑکے شامل ہیں، جن میں سے ایک کی عمر پانچ سال سے زیادہ جبکہ باقی بچوں کی عمریں پانچ سال سے کم ہیں۔

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس (ایچ ایم سی) کے میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد خان کے مطابق لنڈی کوتل سے تعلق رکھنے والے دو بچے ایک سالہ سلمان اور سنان ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اپنے جاری بیان میں انہوں نے بتایا کہ دونوں بچوں کی حالت مستحکم ہے اور فی الحال انہیں کوئی خطرہ لاحق نہیں، تاہم ’ممکنہ زہر خورانی کے خدشے کے پیش نظر تحقیقات جاری ہیں۔‘

انہوں نے مزید بتایا: ’سلمان کو تقریباً تین ماہ قبل بھی بخار اور دوروں (Fits) کی شکایت پر ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ اب دوبارہ انہی علامات کے ساتھ اسے آئی بی پی کے ذریعے ایچ ایم سی منتقل کیا گیا۔ ‘

ڈاکٹر خالد خان کے مطابق 10 نومبر کو اس کا لمبر پنکچر (LP) کیا گیا، جبکہ دماغی و حرام مغز کے سیال (CSF) کی رپورٹ نارمل آئی ہے اور ڈاکٹروں نے اسے بخار کے باعث دورے (Febrile Fits) تشخیص کیے ہیں۔

اسی طرح دوسرے بچے سنان کو سات نومبر کو سانس کی شدید تکلیف اور جسم میں آکسیجن کی کمی (سائنوسس) کی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ اہلِ خانہ کے مطابق سلمان کی تقریباً پانچ سالہ بہن اچانک دورے پڑنے کے بعد گھر میں انتقال کر گئی تھی۔

ڈاکٹر خالد کے مطابق: ’ممکنہ زہر خورانی اور خاندان میں دیگر بچوں کی اموات سے متعلق اطلاعات سامنے آنے کے بعد معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔‘

متعلقہ حکام نے واقعے کے ممکنہ اسباب معلوم کرنے اور زہریلے مادوں کی موجودگی کا تعین کرنے کے لیے دونوں زیرِ علاج بچوں کے ٹاکسیکولوجیکل ٹیسٹ کروانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

جان سے جانے والوں میں مولانا شاہ جی گل کی بیٹی اور ایک بیٹا شامل ہے جبکہ باقی تین بچوں کے وہ چچا ہیں۔

ان کا ایک بیٹا حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں زیر علاج تھا۔ اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ان کا یہ بیٹا ایک ماہ پہلے بھی اسی طرح بیمار ہوا تھا لیکن پھر صحت یاب ہو گیا تھا۔

لیکن مولانا شاہ جی گل کے مطابق اس کے بعد ان کی بیٹی بھی اسی طرح بیمار ہوئی، جسے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں صحت یاب قرار دے کر اسے ڈسچارج کر دیا گیا لیکن گھر میں اس کی موت واقع ہو گئی۔

مولانا شاہ جی گل نے بتایا: ’زیر علاج بچوں کے اب تک کیے گئے ٹیسٹ نارمل ہیں لیکن ہم چاہتے ہیں کہ پتہ لگ جائے کہ بچوں کی اموات کی وجہ کیا ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’یہ اللہ کی طرف سے ایک امتحان ہے، جو ہم پر آیا ہے اور اب میرے بچے کے کچھ مزید ٹیسٹ کیے گئے ہیں جو ابھی آنا باقی ہے۔‘

تحقیقات میں کیا سامنے آیا؟

محکمہ صحت خیبر کی جانب سے بچوں کی اچانک موت کی تحقیق کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، تاکہ اموات کی وجہ معلوم ہو سکے اور اس سلسلے میں متاثرہ گھر کا دورہ بھی کیا جا چکا ہے۔

ضلع خیبر کے ہیلتھ افسر ڈاکٹر رفیق حیات نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ متاثرہ خاندان ایک ہی کمپاؤنڈ میں رہتے ہیں، جہاں پانچ بچوں کی اموات ہوئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ بچے ایک دوسرے کے رشتہ دار ہیں اور ایک دوسرے کے چچا زاد بیٹے بیٹیاں ہیں اور تین دنوں کے اندر یکے بعد دیگرے ان بچوں کی اموات ہوئی ہیں۔

ڈاکٹر رفیق حیات نے بتایا: ’ایک بچہ سات نومبر کو بیمار ہوا تھا اور اس کی موت واقع ہوئی جبکہ ایک آٹھ نومبر کو اور تین نو نومبر کو بیماری کے بعد چل بسے۔ ‘

ڈاکٹر رفیق حیات کے مطابق ایک بچہ خیبر ہسپتال میں مردہ حالت میں لایا گیا جبکہ ایک بچے کو تقریباً 40 منٹ تک ہسپتال میں طبی امداد دی گئی لیکن وہ بچ نہ سکا۔

ان میں ڈاکٹر رفیق کے مطابق چار مزید بچوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جن کی حالت اب مستحکم ہے اور انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان چار میں سے دو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں تھے اور دو ہمارے پاس زیر علاج تھے اور ان کے کچھ ٹیسٹ نارمل جبکہ بعض ٹیسٹ کے رزلٹ ابھی آنا باقی ہیں۔

علامات کیا تھیں؟

ڈاکٹر رفیق کے مطابق مرنے والے تمام بچوں میں زیادہ تر علامات ایک جیسی تھیں جن میں جھٹکے لگنا، منہ سے جھاگ اور بے ہوش ہونا شامل تھا۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ موت کی وجہ کیا ہو سکتی ہے؟ تو انہوں نے بتایا کہ ’ہماری ٹیم نے گھر کا دورہ کیا ہے اور نمونے اکٹھے کیے ہیں لیکن شبہ یہی ہے کہ بچوں نے کیڑے مار یا چوہے مار دوا کھائی ہے اور اس سے موت واقع ہوئی ہے۔‘

بقول ڈاکٹر رفیق: ’ہم کیڑے مار یا چوہے مار دوا کھانے کا شبہ اس لیے کر رہے ہیں کیونکہ کسی بیکٹیریل انفیکشن یا وائرل انفیکشن سے ایک ہی گھر کے اندر اتنے زیادہ بچوں کی اموات ممکن نہیں ہیں جبکہ پہلے گردن توڑ بخار کا بھی ہمیں شبہ تھا لیکن وہ ٹیسٹ بھی نیگیٹو آیا ہے۔ ‘

تاہم جو بچے ہسپتال میں زیر علاج تھے، ان کے کچھ مخصوص ٹیسٹ فارنزک کے لیے خیبر میڈیکل یونیورسٹی بھیجے گئے ہیں اور ان کا رزلٹ بھی آنا باقی ہے جس سے موت کی اصل وجہ معلوم ہو سکے گی۔

’بیمار بچوں کے جنات نکالنے کے لیے مولانا کو بلایا گیا‘

ڈاکٹر رفیق حیات نے بتایا کہ ’جب اس گھر میں سات نومبر کو ایک بچے کی موت واقع ہوگئی، تو ہمیں گھر کے دورے کے دوران بتایا گیا کہ ایک مولانا کو بھی بلایا گیا تھا کیونکہ اہلخانہ سمجھ رہے تھے کہ گھر میں جنات ہیں جس کی وجہ سے بچے بیمار ہو رہے ہیں۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’اہلخانہ کے مطابق مولانا نے گھر میں آگ جلا کر جنات نکالنے کا عمل کیا اور پھر بتایا کہ 10 سے 12 جنات کو گھر سے نکال دیا گیا ہے۔‘

تاہم ڈاکٹر رفیق کے مطابق: ’اس کے اگلے دن نو نومبر کو پھر ایک بچے کی موت واقع ہوگئی لیکن بدقسمتی یہ تھی کہ اس گھر کے بہت قریب تین چار مراکز صحت واقع ہیں لیکن وہاں بروقت رجوع نہیں کیا گیا تھا۔‘





Source link

متعلقہ پوسٹ