کوپ31 میں شہباز شریف: موسمیاتی آفات کے لیے گرانٹ پر مبنی امداد اور پانی کو ہتھیار بنانے کی مخالفت


انطالیہ — وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکی کے شہر انطالیہ میں اقوامِ متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کوپ31) کے سربراہی اجلاس میں کہا کہ موسمیاتی آفات سے نمٹنے کے لیے عالمی یکجہتی کو عملی اقدامات میں بدلنا ہوگا۔ انہوں نے کمزور معیشتوں کے لیے گرانٹ پر مبنی مالی معاونت اور موسمیاتی لچک و موافقت کے فنڈز میں نمایاں اضافے کا مطالبہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ جب موسمیاتی آفات پیش آتی ہیں تو متاثرہ ممالک کو بروقت مدد اور ایسی مالی معاونت درکار ہوتی ہے جو ان کے قرضوں میں اضافہ نہ کرے۔ انہوں نے سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری سمیت گرانٹ پر مبنی مالی امداد اور موافقت کے فنڈز کو ’’بقا کے فنڈز‘‘ قرار دیا۔
شہباز شریف نے 2025ء میں ضلع بونیر میں آنے والے تباہ کن سیلاب کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک نوجوان کی شادی سے صرف دو روز قبل سیلابی ریلے نے اس کے گاؤں کو تباہ کر دیا اور شادی کی تیاریوں میں مصروف گھر ماتم کدے میں بدل گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک خاندان کا المیہ نہیں بلکہ پاکستان اور ترقی پذیر دنیا کے کروڑوں افراد کی کہانی ہے، جو موسمیاتی تبدیلی میں کم حصہ ڈالتے ہیں مگر اس کے سنگین ترین اثرات برداشت کرتے ہیں۔
انہوں نے 2022ء کے سیلابوں کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک کا ایک تہائی حصہ زیرِ آب آیا، 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے، 1,700 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے اور معاشی نقصان 30 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سرحدوں سے بالاتر ہیں اور کوئی ملک تنہا اس کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی صاف توانائی کی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صرف دو برسوں میں ملک میں ترسیلی شمسی توانائی کی صلاحیت میں 20 گیگاواٹ سے زیادہ اضافہ ہوا ہے، جبکہ صاف توانائی کا حصہ مجموعی توانائی کے ذرائع میں تقریباً 55 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے 2035ء تک کاربن اخراج میں تقریباً 50 فیصد کمی کے ہدف کا بھی ذکر کیا۔
پانی کے مسئلے پر وزیراعظم نے واضح کیا کہ پانی کو کبھی بھی بطور ہتھیار استعمال نہیں کیا جانا چاہیے اور کسی ملک کو زیریں علاقوں میں آباد لوگوں کی زندگی اور روزگار کو خطرے میں ڈالنے کا حق حاصل نہیں۔ انہوں نے آبی معاہدوں پر ان کی حقیقی روح کے مطابق عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔
خطاب کے اختتام پر شہباز شریف نے کہا کہ کوپ31 کی کامیابی کا پیمانہ محض وعدے نہیں بلکہ محفوظ کیے گئے خاندان، فراہم کی گئی مالی معاونت اور مستقل بنیادوں پر جاری رکھے گئے عملی اقدامات ہوں گے۔ انہوں نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان، خاتونِ اول امینہ اردوغان اور ترک عوام کی میزبانی اور یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ پوسٹ