اسلام آباد (محمد سلیم سے ) — چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کی ہدایت پر دارالحکومت کے مختلف کمرشل مراکز کی اپ لفٹنگ اور تزئین و آرائش کے کام تیزی کے ساتھ جاری ہیں۔ مقصد دارالحکومت کے مراکز کی سہولیات، انفراسٹرکچر اور مجموعی خوبصورتی میں بہتری لانا ہے۔

سی ڈی اے کے مطابق کوہسار مارکیٹ میں اپ لفٹنگ کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ فنشنگ ورک جاری ہے۔ F-7 مرکز کے جناح سپر مارکیٹ میں بھٹائی روڈ تک کا کام مکمل ہو چکا ہے اور باقی حصے کی تکمیل جلد متوقع ہے۔
اس منصوبے کے تحت فٹ پاتھوں کی از سر نو تعمیر، خوبصورت لائٹ پول اور دیدہ زیب لائٹس کی تنصیب کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں اور زائرین کے لیے سہولیات بہتر ہو سکیں۔
آبپارہ مارکیٹ میں بھی اپ لفٹنگ اور تزئین و آرائش کے کام جاری ہیں، جس میں لینڈ سکیپنگ، ہارٹیکلچر، سیوریج اور پارکنگ کی اپگریڈیشن شامل ہے۔ مراکز میں خراب سڑکوں پر پیچ ورک کے ساتھ بینچ اور ڈسٹ بنز بھی نصب کیے جا رہے ہیں۔
چیئرمین سی ڈی اے نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ تمام منصوبے مقررہ وقت میں اور معیار کو ملحوظ رکھتے ہوئے مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کمرشل مراکز کی اپگریڈیشن سے دارالحکومت کے انفراسٹرکچر میں بہتری آئے گی اور اسلام آباد کی مجموعی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا۔

