تہران: ایرانی فوج کے ترجمان محمد اکرمینیا نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے ایران پر حملے جاری رکھے تو موجودہ تنازع نئے محاذوں تک پھیل سکتا ہے، تاہم ایران کا خطے کی مسلم ریاستوں یا اپنے ہمسایہ ممالک سے کسی قسم کے تصادم کا کوئی ارادہ نہیں۔
ایرانی فوج کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران نے اب تک اپنی تمام عسکری صلاحیتیں استعمال نہیں کیں، اور اگر مخالف فریق کی کارروائیاں جاری رہیں تو ایران کا ردعمل حالات کے مطابق اور دشمن کی توقعات سے کہیں زیادہ سخت ہوگا۔
محمد اکرمینیا نے زور دے کر کہا کہ ایران ہمیشہ اپنے ہمسایہ ممالک اور خطے کی مسلم ریاستوں کے ساتھ برادرانہ تعلقات اور علاقائی تعاون کا حامی رہا ہے، اور تہران کسی بھی علاقائی ملک کے ساتھ کشیدگی یا تصادم نہیں چاہتا۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر عالمی برادری کی تشویش بڑھتی جا رہی ہے۔

