تہران: ایرانی فوج کے سینئر کمانڈر جنرل جباری نے امریکا کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران امریکی جارحیت کے خلاف طویل المدتی جنگ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور ضرورت پڑنے پر 10 سال تک بھی مسلسل مزاحمت جاری رکھ سکتا ہے۔
جنرل جباری نے اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی مسلح افواج نے ہر ممکن صورتحال کے لیے جامع دفاعی اور عسکری حکمت عملی تیار کر رکھی ہے، اور ملک کسی بھی بڑے فوجی تصادم کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکا اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھتا ہے تو ایران بھرپور اور فیصلہ کن جواب دے گا، جبکہ ملکی دفاع اور خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث خطے کی سلامتی اور عالمی توانائی کی منڈیوں پر ممکنہ اثرات کے حوالے سے تشویش بڑھتی جا رہی ہے۔

