واشنگٹن: عالمی سطح پر عوامی رائے میں نمایاں تبدیلی سامنے آئی ہے، جہاں پہلی بار متعدد ممالک میں چین کو امریکا کے مقابلے میں زیادہ پسندیدہ عالمی طاقت قرار دیا گیا ہے۔
بین الاقوامی تحقیقی ادارے پیو ریسرچ سینٹر کے تازہ سروے کے مطابق کئی ممالک میں چین کے بارے میں مثبت رائے میں اضافہ جبکہ امریکا کی عالمی مقبولیت میں کمی دیکھی گئی ہے۔ سروے میں بتایا گیا کہ عالمی سیاست، معیشت اور سفارت کاری میں بدلتے رجحانات عوامی آراء پر بھی اثرانداز ہو رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بعض ممالک میں چین کی اقتصادی سرمایہ کاری، بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں اور تجارتی روابط نے اس کی عالمی ساکھ کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ امریکا کی خارجہ پالیسی اور بین الاقوامی معاملات پر اس کے مؤقف کے باعث کئی خطوں میں اس کی مقبولیت متاثر ہوئی۔
ماہرین کے مطابق یہ نتائج عالمی طاقت کے توازن میں ممکنہ تبدیلی کی نشاندہی کرتے ہیں، تاہم مختلف خطوں میں عوامی رائے اب بھی مقامی سیاسی، معاشی اور سفارتی عوامل سے متاثر ہوتی ہے۔

