اسلام آباد — محمد سلیم سے
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے وزیر داخلہ اور کمانڈر انٹرنل سیکیورٹی فورس (لخویا)، شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ الثانی سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے قطر کے معزز مہمان کے پاکستان کے پہلے دورے پر پرتپاک خیرمقدم کیا اور دونوں برادر ممالک کے دیرینہ تعلقات کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ اس دورے سے پاکستان اور قطر کی وزارتِ داخلہ اور متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون مزید مستحکم ہوگا۔ انہوں نے پاکستان کے لیے قطری قیادت کی حمایت کا شکریہ ادا کیا اور قطر کی جانب سے مائع قدرتی گیس (LNG) کی مسلسل فراہمی کو پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں اہم قرار دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ تقریباً 3 لاکھ پاکستانی قطر میں کام کر رہے ہیں اور وہ قطر کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے تجارت و سرمایہ کاری، زراعت، لائیو اسٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کان کنی و معدنیات کے شعبوں میں پاکستان-قطر اقتصادی تعاون کو مزید بڑھانے کے وسیع مواقع کا ذکر کیا۔
قطر کے وزیر داخلہ نے پاکستانی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور قطر کے امیر کی جانب سے وزیراعظم کو تہنیتی پیغامات و نیک خواہشات پہنچائیں۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار اور کوششوں کو بھی سراہا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے قطر کی انٹرنل سیکیورٹی فورس لخویا اور پاکستان کی فیڈرل کانسٹیبلری کے درمیان سیکیورٹی تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشت (MoU) اور منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایکشن پلان پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔ قطر کے وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ الثانی اور پاکستان کے وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے اپنے اپنے ممالک کی جانب سے دستاویزات پر دستخط کیے۔
ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی، توانائی کے امور پر معاون خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد ظفر اقبال اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔ وزیراعظم نے قطر کے وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا۔

