تائیپے، : تائیوان اور جاپان کے انتہائی جنوبی جزائر میں تباہی مچانے کے بعد طاقتور طوفان "چمپی” ہفتے کے روز چین کی جانب بڑھنے لگا۔ طوفان کے باعث ہزاروں گھروں کی بجلی منقطع ہوئی اور سیکڑوں پروازیں منسوخ کرنی پڑیں۔
تائیوان میں ایک شخص ہلاک اور 600 سے زائد افراد زخمی ہوئے، جبکہ حکام نے طوفان کی آمد سے قبل 5 ہزار سے زائد افراد کو گھروں سے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا تھا۔
جوائنٹ ٹائیفون وارننگ سینٹر کے مطابق ہوا کی رفتار کم ہو کر 102 کلومیٹر فی گھنٹہ رہ جانے سے طوفان کی شدت گھٹ گئی ہے۔ بحرالکاہل سے گزرتے ہوئے یہ طوفان کچھ وقت کے لیے سپر ٹائیفون بن گیا تھا، جب ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ مسلسل رفتار تقریباً 300 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔
تائیوان میں جمعرات کو انتباہ جاری ہونے کے بعد حکام نے بڑے پیمانے پر حفاظتی اقدامات کیے۔ طوفان نے کئی علاقوں میں درخت اکھاڑ دیے، بجلی کی تاریں گرا دیں اور بعض مقامات پر مختصر مدت کے لیے سیلابی صورت حال پیدا کی۔ تین لاکھ 40 ہزار سے زائد گھروں کی بجلی متاثر ہوئی، تاہم حکام کے مطابق 90 فیصد سے زیادہ گھروں میں بجلی بحال کر دی گئی ہے۔
طوفان جزیرے کے شمال مشرقی حصے سے دور ہو کر چین کی طرف بڑھ رہا ہے، مگر شمالی اور وسطی تائیوان میں بیشتر دکانیں دوسرے روز بھی بند رہیں۔ مرکزی محکمہ موسمیات کی عہدیدار وو وان ہوا نے بریفنگ میں کہا کہ ساحلی علاقوں میں اب بھی بلند لہروں اور تیز جھکڑوں کا خطرہ برقرار ہے۔ محکمہ کے مطابق شمال مشرقی ضلع ییلان کے قریب طوفان نے رخ بدلتے ہوئے چکر لگایا، جس کے باعث جمعرات سے اب تک وہاں کم از کم 65 سینٹی میٹر (تقریباً 26 انچ) بارش ریکارڈ کی گئی۔

