زوم میٹنگ میں بارک اوباما کی اچانک آمد، آئی شو اسپیڈ دنگ رہ گئے

ishow speed1795180029 0



سابق امریکی صدر بارک اوباما نے معروف یوٹیوبر اور لائیو اسٹریمر آئی شو اسپیڈ کو زوم میٹنگ میں اچانک شرکت کرکے حیران کردیا۔ اسکرین پر اوباما کو دیکھتے ہی یوٹیوبر اپنی خوشی اور حیرت پر قابو نہ رکھ سکے اور چیخ اٹھے۔

یہ دلچسپ واقعہ گھانا کی تاریخ پر تیار کی گئی دستاویزی فلم ’دی آئیز آف گھانا‘ کی ریلیز سے پہلے فلم کی ٹیم کے ساتھ ہونے والی آن لائن میٹنگ میں پیش آیا۔ گفتگو کے دوران آئی شو اسپیڈ نے خواہش ظاہر کی کہ فلم ان کے یوٹیوب چینل پر مفت نشر کی جائے، تاکہ دنیا بھر میں موجود ناظرین اسے باآسانی دیکھ سکیں۔

اس تجویز پر ٹیم کے ایک رکن نے بتایا کہ اس حوالے سے فیصلہ کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کی منظوری ضروری ہے۔ اسی دوران بارک اوباما اچانک میٹنگ میں شریک ہوگئے۔ سابق امریکی صدر کو سامنے دیکھ کر آئی شو اسپیڈ نے بے یقینی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین نہیں آرہا کہ امریکا کے سابق صدر ان کے سامنے موجود ہیں۔

یوٹیوبر نے اوباما کے سامنے بھی اپنی تجویز دہرائی، جسے انہوں نے ایک بہترین خیال قرار دیتے ہوئے منظوری دے دی۔ بارک اوباما نے دستاویزی فلم کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ آزادی، خودمختاری اور عوام کی جدوجہد کی ایک اہم کہانی ہے، جس کے موضوعات دنیا کے مختلف معاشروں کی تاریخ سے جڑے ہوئے ہیں۔

ملاقات کے دوران ایک اور دلچسپ لمحہ اس وقت آیا جب آئی شو اسپیڈ نے بارک اوباما سے انڈونیشین زبان میں گفتگو شروع کردی۔ سابق امریکی صدر نے بھی اسی زبان میں جواب دیا اور یوٹیوبر کے تلفظ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کا لہجہ اچھا ہے۔

واضح رہے کہ بارک اوباما نے اپنے بچپن کے چند سال انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتا میں گزارے تھے۔ وہ چھ سے دس سال کی عمر تک وہاں مقیم رہے، اسی لیے انہیں انڈونیشین زبان سے واقفیت ہے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ