’آواز کم‘ کی یا ’ویڈیو ایڈٹ‘ ہوئی؟ بلاول بھٹو انٹرویو پر پیپلز پارٹی اور جیو میں اختلافات

400111 965721141


پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ایک نجی نیوز ٹیلی وژن کو دیے گئے انٹرویو کی ایڈیٹنگ پر ایک تنازع سامنے آیا ہے جس میں  پارٹی نے چینل پر انٹرویو کو ’سنسر‘ کرنے اور ’جعلی ویڈیو‘ نشر کیے جانے کا الزام عائد کیا جبکہ چینل نے پارٹی کی جانب سے شیئر کی گئی کلپس کو ’جعلی‘ قرار دیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کراچی پریس کلب میں نئے صوبوں کی مخالفت پر مبنی اپنی پریس کانفرنس کے ایک دن بعد 18 نومبر 2026 کو پاکستان کے کئی نیوز چینلز کے معروف اینکرز کو انٹرویوز دیئے لیکن نجی نیوز چینل جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں ان کی گفتگو کے بعد یہ تنازع سامنے آیا۔ 

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

انٹرویو نشر ہونے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹس (سوشل میڈیا) پر اپنے باضابطہ اکاؤنٹس میں الزام عائد کیا کہ ’پروگرام کے ایک مخصوص حصے میں بلاول بھٹو زرداری کی آواز دانستہ طور پر کم کی گئی، جبکہ اینکر شاہ زیب خانزادہ کی آواز نسبتا بلند رکھی گئی۔‘

پیپلز پارٹی نے اس عمل کو ’صحافتی بددیانتی اور تکنیکی سنسرشپ‘ قرار دیا۔

پیپلز پارٹی کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر یہ دعویٰ بھی سامنے آیا کہ ان کی جانب سے ’انٹرویو کی کلپ پر مبنی ویڈیو کو بلاک کرنے‘ کی درخواست بھی ایکس کو دی گئی ہے۔

پارٹی کے آفیشل اکاونٹ پر لکھا گیا کہ ’شاہ زیب خانزادہ کی ٹیکنکل سنسرشپ کو سامنے لاتے ہوئے آئینہ دکھایا تو کاپی رائٹ کا دعویٰ کرکے جیو نیوز نے ویڈیو بلاک کر دی!‘

’ویڈیو میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے انٹرویو کے دوران شاہ زیب خانزادہ کی صحافتی بددیانتی کو سامنے لاتے ہوئے یہ دکھایا گیا تھا کہ کیسے مہمان کی آواز کو دھیما اور میزبان کی آواز کو بڑھا کر شاہ زیب خانزادہ ناظرین پر اپنی دھاک بٹھاتے ہیں تاہم جہاں جہاں یہ ویڈیو شیئر ہو رہی ہے، جیو نیوز کی ٹیم کاپی رائٹ کا دعوی کرکے اس ویڈیو کو ہٹوا رہی ہے۔‘

تاہم انٹرویو کی کئی کلپس اب بھی ایکس پر چل رہے ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو نے اس حوالے سے فریقین سے بات کر کے معاملے کے حقائق کو جاننے کی کوشش کی ہے۔

جیو نیوز نے پیپلز پارٹی کی جانب سے پوسٹ کی گئی ویڈیوز کو جعلی قرار دیا ہے۔

چینل کے ڈائریکٹر پروگرامنگ معاذ احسن نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا ہے کہ ’پیپلز پارٹی کے اکاونٹ سے پوسٹ کی گئی ویڈیو انٹرویو کا جعلی اور ایڈٹ شدہ ورژن ہے۔‘

چینل کے مطابق ان کی لیگل ٹیم اس تنازعے کا جائزہ لے رہی ہے جس کے بعد وہ کوئی باقاعدہ موقف دیں گے۔

معاذ احسن نے بتایا کہ ’جیو پر انٹرویو میں ردوبدل کرنے اور بلاول بھٹو زرداری کی آواز کو کم کرنے کا جھوٹا الزام لگاتے ہوئے، پیپلز پارٹی نے خود بالکل اسی عمل کا سہارا لیا ہے۔‘

’اس نے انٹرویو کے ایک حصے سے بلاول بھٹو زرداری کے ریمارکس لے کر دوسرے حصے سے شاہ زیب خانزادہ کے ویژولز شامل کیے ہیں، تاکہ یہ گمراہ کن تاثر پیدا کیا جا سکے کہ شاہ زیب خاموشی سے ان کی بات سن رہے تھے یا اتفاق میں سر ہلا رہے تھے۔‘

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے میڈیا سیل نے انڈپینڈنٹ اردو کو بھیجے گئے بیان میں اس معاملہ پر اپنا موقف دیا ہے۔

میڈیا سیل کے رکن نے کہا ہے کہ ’سوشل میڈیا پر ایسے کیپشن کے ساتھ ویڈیو پوسٹ کی جس سے یہ تاثر آ رہا تھا کہ شاہ زیب خانزادہ کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری لاجواب ہوگئے تھے حالانکہ اصل انٹرویو میں ایسا نہیں ہوا تھا تو ایک میڈیا سیل کے طور پر ہماری ذمہ داری تھی کہ بلاول بھٹو کے اصل مؤقف کو سامنے لاتے۔‘

’تو ہم نے اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے صرف ان کے مؤقف پر مبنی ویڈیوز بنائیں، جن میں شاہ زیب خانزادہ کو صرف اس لیے دکھایا گیا تاکہ عوام کو یہ علم ہو سکے کہ بلاول نے یہ گفتگو کس کو انٹرویو دیتے ہوئے کی، ایک سیاسی جماعت کے میڈیا سیل کے طور پر ہم نے اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے ادا کی تاہم ہم یہ بھی سمجھتے ہیں کہ شاہ زیب خانزادہ کی ٹیم نے صحافتی ذمہ داری ادا نہیں کی۔‘

معاذ احسن نے کہا اگر بلاول بھٹو کے موقف کو ہی دکھانا تھا تو ’شاہ زیب خانزادہ کی ویڈیو کی بجائے تصویر لگاتے اور اس پر لکھ دیتے کہ گفتگو کی۔‘

جیو کے ڈائریکٹر پروگرامنگ کا کہنا ہے کہ ’کوئی بھی اصل لائیو انٹرویو دیکھ سکتا ہے جس میں یہ واضح ہو جاتا ہے کہ جب بلاول یہ الزامات لگا رہے تھے تو شاہ زیب گفتگو میں بھرپور حصہ لے رہے تھے، ان سے سوالات کر رہے تھے اور ان کے دعووں کا جواب دے رہے تھے۔‘

’اس دوران آوازیں قدرتی طور پر ایک دوسرے پر چڑھ جاتی ہیں، جس کے باعث بعض ناظرین کے لیے سوالات اور جوابات کے کچھ حصے سننا ممکن نہیں ہوتا۔‘

معاذ نے شکایت کی کہ ’اس طرح کی ایڈٹ شدہ ویڈیو تیار کرنا اور اسے پھیلانا نہ صرف اخلاقی طور پر غلط ہے بلکہ اس سے سنگین قانونی سوالات بھی پیدا ہوتے ہیں۔‘

دوسری جانب پی پی پی کے مطابق ’چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی آواز کو شاہ زیب خانزادہ کی ٹیم کی جانب سے مختلف مواقع پر دھیما کیا گیا اور جہاں جہاں ایسا ہوا، ہم نے اوریجنل ریکارڈنگ فائل بھیج کر جیو سے وضاحت بھی طلب کی ہے۔‘

’شاہزیب خانزادہ کی ٹیم کا یقینا یہ دعوی ہوسکتا ہے کہ ایسا غیرارادی تیکنکی خرابی کی وجہ سے ہوا یا یہ کوئی آڈیو مکسنگ ایشو تھا تاہم ہمارا ان سے سوال ہے کہ یہ اتفاق ان ہی مواقع پر کیوں ہوا کہ جب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مؤثر انداز میں اپنی بات کو کہہ رہے تھے اور یہ تیکنکی خرابی کسی اور موقع پر کیوں نہیں ہوئی۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

میڈیا سیل نے بیان میں کہا کہ ’شاہ زیب خانزادہ کی ٹیم نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مختلف جملے نہ صرف حذف کیے بلکہ انہوں نے ایڈیٹنگ کرتے ہوئے ایک پرومو بنایا جس میں جب شاہ زیب خانزادہ نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سندھ کے ان بچوں سے متعلق سوال کیا جو سکول نہیں جاتے تو پرومو میں اس سوال کے جواب کی بجائے جیو پر تنقید کا حصہ لگا دیا گیا۔

’اس سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ جب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سندھ کے ان بچوں سے متعلق سوال کیا گیا جو سکول نہیں جاتے تو انہوں نے جیو پر تنقید شروع کردی جبکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس تھی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس سوال کا تحمل سے جواب دیا جو خود جیو کے آن ائیر ورژن میں موجود ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’اگر کسی وجہ سے یہ ایڈیٹنگ کی گئی تھی تو ہمیں مطلع کرنا شاہ زیب خانزادہ کی ٹیم کی ذمہ داری تھی مگر کسی موقع پر ہمیں مطلع نہیں کیا گیا۔‘

’شاہ زیب خانزادہ کی ٹیم کی جانب سے اس صحافتی بددیانتی کے حوالے سے ہم نے پرومو اور آن ائیر ورژن کے دونوں کلپ جیو کی انتظامیہ کو بھیج کر ان سے وضاحت مانگی ہے۔‘

دوسری جانب جیو نیوز نے پاکستان پیپلز پارٹی پر ’بلاول بھٹو زرداری کے انٹرویو کے بعد نیوز چینل کے عملے (کیمرہ مین، ٹیکنیشن) سے ان کی رضامندی کے بغیر ریکارڈ شدہ فوٹیج لینے‘ کا بھی الزام عائد کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ انٹرویو ریکارڈ کرنے کے لیے جانے والے عملے کو دھمکایا گیا تاکہ اس کی فوٹیج پیپلز پارٹی کو دی جائے۔

پی پی پی کے میڈیا سیل عہدے دار نے اس معاملہ پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’یہ ایک مضحکہ خیز الزام ہے اور اگر اس کو ایک لمحے کے لیے سچ تسلیم کرلیا جائے تو لگ بھگ ساڑھے چار گیگابائٹ کی تین فائلوں پر مشتمل وہ فوٹیج جو 720FPS پر ریکارڈ ہوئی تھی، اس کو کاپی کرنے میں تین منٹ سے زیادہ نہیں لگتے۔‘

 ’تو تین منٹ کے اس انتظار کو کسی کو محبوس کرنے کے مترادف قرار دینا ایک افسوس ناک الزام ہے جبکہ دلچسپ بات یہ ہے کہ جب کیمرہ مین سے فوٹیج کاپی کرنے کی درخواست کی گئی تو بخوشی انہوں نے کاپی کروائی، ان تمام واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے۔‘

دوسری جانب جیو نیوز کے ڈائیریکٹر پروگرامنگ نے انڈپینڈنٹ اردو اس حوالے سے بتایا ہے کہ ’ہاں، کیمرہ مین سے ان کی رضامندی کے بغیر فوٹیج لی گئی۔ مگر کیمرہ مین نے چاہے اپنی رضامندی سے ہی ویڈیو شیئر کیوں نہ کی ہو لیکن یہ ویڈیو جیو کی intellectual پراپرٹی تھی اگر انہیں ویڈیو چاہیے تھی تو ان کا جیو انتظامیہ سے رابطہ کرکے اجازت لینا چاہیے تھی۔‘

اس معاملے پر سوشل میڈیا، خصوصا ایکس، پر بھی بحث جاری ہے۔

جہاں ایک جانب کچھ صارفین پی پی پی کے موقف کی حمایت کرتے نظر آ رہے ہیں وہیں دوسری جانب کچھ صارفین جیو نیوز سے اتفاق کرتے دکھائی دیے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ