واشنگٹن (ایجنسی): امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو شینزین میں چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ ہونے والی ملاقات سے کوئی بڑی سفارتی کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس اجلاس نے ذاتی سفارت کاری کی حدود کو نمایاں کر دیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق تینوں رہنما اس علامتی اعلان پر متفق ہوئے کہ جوہری جنگ کبھی نہیں لڑی جانی چاہیے، تاہم جوہری ہتھیاروں کی تحدید پر مذاکرات شروع کرنے کا کوئی منصوبہ سامنے نہیں آیا، حالانکہ ٹرمپ طویل عرصے سے اس کے خواہاں رہے ہیں۔ ایران، یوکرین اور تائیوان جیسے معاملات پر بھی کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، جبکہ تجارت اور مصنوعی ذہانت پر اختلافات میں کمی کے آثار بھی نظر نہیں آئے۔
اجلاس کی میزبانی سے شی جن پنگ کی سفارتی شبیہ مزید مضبوط ہوئی، جبکہ پوتن نے روس کی نسبتاً کمزور معاشی حیثیت کے باوجود خود کو دنیا کی دو طاقتور ترین ریاستوں کے رہنماؤں کے برابر پیش کیا، اور وہ بھی بغیر کسی بڑی رعایت کے۔
بعض تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس اجلاس کے نتائج ٹرمپ کی عالمی پوزیشن کو کمزور کر سکتے ہیں، کیونکہ وہ اپنی صدارت کے آخری اور نسبتاً کمزور مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں۔ اسٹیمسن ریسرچ سینٹر کے سینئر محقق کرسٹوفر پریبل کے مطابق ٹرمپ کو دنیا کی اہم ترین شخصیات کے ساتھ بیٹھنے کا موقع ضرور ملا، لیکن وہ کسی اہم معاملے پر بنیادی پیش رفت حاصل نہیں کر سکے۔

