لندن: برطانیہ میں رات کے آسمان پر اب قدرتی ستاروں کے مقابلے میں مصنوعی سیارے زیادہ نظر آنے لگے ہیں۔ ایک تازہ تجزیے کے مطابق زمین کے گرد سیٹلائٹس کی تیزی سے بڑھتی تعداد نے رات کے آسمان کا منظر بدل دیا ہے۔
پریسیژن انجینئرنگ کمپنی ایکیو کمپونینٹس کے اس تجزیے میں اکتوبر کی سات راتوں کے دوران 2 ہزار کلومیٹر سے کم بلندی پر گردش کرنے والے 15 ہزار سے زائد فعال سیٹلائٹس کی نقل و حرکت دیکھی گئی۔ نتیجے کے مطابق رات کے کسی بھی وقت 700 سے زیادہ سیٹلائٹ برطانیہ کے اوپر سے گزر رہے ہوتے ہیں، جو درمیانی درجے کی روشنی کی آلودگی والے علاقوں میں عام طور پر آنکھ سے نظر آنے والے ستاروں سے بھی زیادہ ہے۔ اندازہ ہے کہ ایک اوسط برطانوی شہر کے اوپر سے ایک رات میں تقریباً 13 ہزار مختلف سیٹلائٹ گزرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سات برسوں میں برطانیہ کے رات کے آسمان میں اتنی تبدیلی آئی ہے جتنی اس سے پہلے تقریباً 60 برسوں میں نہیں آئی تھی۔ نچلے مدار کے فعال سیٹلائٹس میں دو تہائی سے زیادہ حصہ اسپیس ایکس کے اسٹارلنک نیٹ ورک کا ہے۔ زمین کے گرد فعال سیٹلائٹس کی مجموعی تعداد 20 ہزار سے بڑھ چکی ہے، جبکہ ایک دہائی پہلے یہ ایک ہزار کے لگ بھگ تھی۔ گزشتہ سال 4 ہزار 510 سیٹلائٹ خلا میں بھیجے گئے جو ایک ریکارڈ تھا، اور اس سال یہ ریکارڈ ٹوٹنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس نے خلا میں مصنوعی ذہانت کے ڈیٹا سینٹرز کے لیے 10 لاکھ سیٹلائٹ بھیجنے کی درخواست بھی دی ہے۔
ماہرینِ فلکیات کے مطابق سیٹلائٹ جب دوربین کی تصاویر کے سامنے سے گزرتے ہیں تو ان کی روشنی چمکدار لکیریں بنا دیتی ہے، جس سے ستاروں اور کہکشاؤں کا مشاہدہ متاثر ہوتا ہے۔ پرنسٹن یونیورسٹی کے پروفیسر گاسپار باکوش کا کہنا ہے کہ سیٹلائٹس روشنی کی آلودگی کی ایک نئی قسم بن چکے ہیں اور نچلے مدار کے سیٹلائٹ خاص طور پر روشن ہو سکتے ہیں۔ ان کے مطابق مزید ہزاروں سیٹلائٹ بھیجے گئے تو ملکی وے اور ستاروں کے جھرمٹ کا قدرتی منظر شدید متاثر ہو سکتا ہے۔

