حسینہ واجد کی بنگلادیش واپسی کی تاریخ سامنے آگئی، حکومت سے خصوصی طیارے کا مطالبہ

شیخ حسینہ واجد.webp


حسینہ واجد کی بنگلادیش واپسی کی تاریخ سامنے آگئی، حکومت سے خصوصی طیارے کا مطالبہ

حسینہ واجد کی وطن واپسی پر انہیں گرفتار کرکے جیل بھیجا جائے گا، حکومتی وزیر

بنگلادیش کی معزول وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے دو سال سے زائد عرصے کی جلاوطنی ختم کرکے وطن واپس آنے کا اعلان کردیا، وہ 16 دسمبر کو نئی دہلی سے ڈھاکا پہنچنے کی خواہش مند ہیں اور اس مقصد کے لیے بنگلادیشی حکومت سے قومی ایئرلائن کا طیارہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شیخ حسینہ کے ترجمان سید معظم علی نے بتایا کہ سابق وزیراعظم بنگلادیش کے یومِ فتح کے موقع پر وطن واپس آنا چاہتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حسینہ واجد کو 5 اگست 2024 کو بنگلادیشی طیارے کے ذریعے بھارت منتقل کیا گیا تھا، اس لیے حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ان کی واپسی کا انتظام بھی قومی ایئرلائن بیمان بنگلادیش ایئرلائنز کے ذریعے کرے۔

شیخ حسینہ کی جانب سے واپسی کے لیے پہلی مرتبہ کسی مخصوص تاریخ کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم ان کی وطن واپسی سیاسی اور قانونی طور پر ایک بڑے تنازع کا سبب بن سکتی ہے۔ ان کی جماعت عوامی لیگ پر پابندی عائد ہے جبکہ وہ خود گزشتہ سال نومبر میں جنگی جرائم کی عدالت سے غیر حاضری میں سزائے موت پا چکی ہیں۔

بنگلادیشی حکومت کے ایک وزیر نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ حسینہ واجد کی وطن واپسی پر انہیں گرفتار کرکے جیل بھیجا جائے گا، جبکہ انہیں بھارت سے واپس لانے کے لیے طیارہ بھیجنے پر دونوں ممالک کے درمیان کوئی باضابطہ بات چیت نہیں ہوئی۔

واضح رہے کہ اگست 2024 میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والی شدید احتجاجی تحریک اور خونریز کریک ڈاؤن کے بعد شیخ حسینہ اقتدار چھوڑ کر بھارت چلی گئی تھیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق اس ہنگامہ آرائی کے دوران 1400 تک افراد ہلاک ہوئے تھے۔ حسینہ واجد پر مظاہرین کے خلاف مہلک کارروائیوں کا حکم دینے کا الزام ہے، تاہم وہ جلاوطنی کے دوران ان الزامات کو مسترد کرتی رہی ہیں۔



Source link

متعلقہ پوسٹ