لاہور — جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ وہ اس وقت ریاستی حصار میں ہیں اور ان کے کارکنوں کو ریاستی جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ وہ لاہور ہائیکورٹ بار کے وکلا سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پورا لاہور شہر ریاستی رکاوٹوں سے بھرا ہوا ہے، تمام راستے بند اور ناکے لگے ہیں۔ ان کے مطابق ایک مہذب شہری کو دانشوروں کی محفل میں جانے سے روکا جا رہا ہے اور رکاوٹوں نے انہیں وکلا سے براہِ راست مخاطب ہونے سے محروم رکھا۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ جبر کو کبھی دوام حاصل نہیں ہوتا جبکہ صبر ہمیشہ دائمی رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ملک میں امن کی داعی ہے اور قیامِ امن کے لیے جانوں کے نذرانے دیتی رہی ہے۔ "ہم کسی حکمران یا ریاستی ادارے سے وطن سے وفا کا سرٹیفکیٹ لینے نہیں آئے۔” انہوں نے کہا کہ پاکستان سے وفاداری شک و شبہ سے بالاتر ہے، سازشیں بے نقاب ہوں گی، اور جمعیت کا ہر کارکن استقامت کا پہاڑ ہے جو جبر کے سامنے سر جھکانے کو تیار نہیں۔ ان کے بقول انہوں نے کسی طاقتور کی غلامی قبول نہیں کی اور عوام کے وسائل لوٹنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جا سکتی۔

