سائنس: انسان کی نجات یا ایک نئی غلامی؟

sheikhjabiropinion1773330845 0


جدید انسان نے اپنی عقل کے بل پر کائنات کے ایسے اسرار سے پردہ اٹھایا ہے جنھیں کبھی ناقابل رسائی سمجھا جاتا تھا۔ اس نے ایٹم کو مسخر کیا، جینز کی زبان پڑھ لی، چاند پر قدم رکھا اور اب مصنوعی ذہانت کے ذریعے اپنی ذہنی صلاحیتوں کی توسیع کے خواب دیکھ رہا ہے۔ طب نے انسانی عمر اور صحت کے امکانات بڑھائے، مواصلات نے فاصلے سمیٹے اور ٹیکنالوجی نے انسانی زندگی کے بے شمار شعبوں کو بدل کر رکھ دیا۔ بظاہر یہ انسانی تاریخ کی سب سے بڑی فکری اور تہذیبی فتح ہے، لیکن اس فتح کے جشن کے درمیان ایک سوال بھی سر اٹھاتا ہے۔

کیا جدید سائنس نے انسان کو واقعی آزاد کیا ہے یا اسے ایک ایسے نظام کے حوالے کر دیا ہے جس کی تشکیل میں خود انسان کا اختیار بتدریج کم ہوتا جا رہا ہے؟یہ سوال سائنس کے انکار سے پیدا نہیں ہوتا، بلکہ اس کی غیر معمولی کامیابیوں کو تسلیم کرنے کے بعد پیدا ہوتا ہے۔ اس سوال کا تعلق سائنسی دریافتوں سے زیادہ اس تصور علم سے ہے جو جدید سائنسی تہذیب کی بنیاد بن چکا ہے۔ بالخصوص اس دعوے سے کہ حقیقت وہی ہے جسے مشاہدے، تجربے، پیمائش اور ریاضیاتی تجزیے کے ذریعے گرفت میں لایا جا سکے۔

اس فکری مسئلے کو سمجھنے کے لیے مارٹن ہائیڈیگر کی طرف رجوع ناگزیر ہے۔ بیسویں صدی کے اس جرمن فلسفی نے اپنے معروف مضمون ’’The Question Concerning Technology‘‘ میں جدید ٹیکنالوجی کو محض انسانی ضرورت پوری کرنے والے آلات کا مجموعہ نہیں سمجھا۔ اس کے نزدیک جدید تکنیکی ذہن حقیقت کو ایک مخصوص انداز میں دیکھتا ہے۔ فطرت ایک قابل استعمال ذخیرہ، دریا توانائی کا منبع، زمین معدنی وسائل کا گودام اور انسان بھی ایک قابل انتظام افرادی قوت بن جاتا ہے۔ مسئلہ مشین کا وجود نہیں، بلکہ وہ ذہنیت ہے جو ہر شے کی قدر اس کی افادیت اور استعمال سے متعین کرنے لگتی ہے، یوں انسان دنیا پر اختیار حاصل کرتے کرتے خود ایک ایسے نظام کا حصہ بن جاتا ہے جس میں اس کی اپنی حیثیت بھی محض ایک وسیلے کی رہ جاتی ہے۔

فرانسیسی مفکر ژاک ایلول نے اپنی کتاب ’’The Technological Society‘‘ میں اس مسئلے کو ایک دوسرے زاویے سے دیکھا۔ اس کے نزدیک جدید معاشرے میں تکنیک محض انسانی مقاصد کی تابع نہیں رہتی، بلکہ کارکردگی، رفتار، تنظیم اور افادیت کی اپنی منطق پیدا کر لیتی ہے۔ جو طریقہ زیادہ موثر ہو، وہی قابلِ قبول سمجھا جانے لگتا ہے، خواہ اس کے انسانی نتائج کچھ بھی ہوں۔ تعلیم کا مقصد شخصیت کی تعمیر کے بجائے امتحانی کامیابی، طب کا مقصد مریض کی مکمل نگہداشت کے بجائے نظام کی کارکردگی اور ذرائع ابلاغ کا مقصد فہم و آگہی کے بجائے توجہ کا حصول بن سکتا ہے۔ انسان اپنے بنائے ہوئے اداروں اور آلات کو چلاتا ضرور ہے، لیکن رفتہ رفتہ انھی کی ضرورتوں کے مطابق اپنی زندگی ڈھالنے لگتا ہے۔لیوس ممفورڈ نے جدید مشینی تہذیب کے مطالعے میں اس خطرے کو مزید وسعت دی۔ اس کی نظر میں انسانی ترقی کا پیمانہ مشینوں کی کثرت، پیداوار کی رفتار یا صنعتی قوت نہیں، بلکہ انسان کی تخلیقی صلاحیت، آزادی اور تہذیبی بلوغت ہے، اگر کوئی معاشرہ اپنی تمام تر مادی ترقی کے باوجود انسان کو زیادہ بے اختیار، بے معنی اور مشینی بنا رہا ہے تو محض اس کی تکنیکی کامیابی اسے ترقی یافتہ قرار دینے کے لیے کافی نہیں۔یہاں ہربرٹ مارکوزے کا تجزیہ بھی اہم ہے۔

اپنی کتاب ’’One-Dimensional Man‘‘ میں اس نے جدید صنعتی معاشرے کے اس پہلو کو نمایاں کیا کہ مادی آسائش اور تکنیکی سہولتیں کبھی کبھی انسانی آزادی کے متبادل کے طور پر پیش ہونے لگتی ہیں۔ انسان کو اشیا کی فراوانی میسر ہوتی ہے، لیکن اس کے ساتھ اس کی تنقیدی قوت اور متبادل زندگی کا تصور محدود ہو سکتا ہے۔ اسے یہ احساس تک نہیں رہتا کہ اس کی خواہشات، ترجیحات اور ضروریات بھی کسی بڑے معاشی و تکنیکی نظام کے زیر اثر تشکیل پا رہی ہیں۔تاہم اس بحث کا سب سے گہرا پہلو فلسفہ علم سے متعلق ہے۔ کیا سائنس ہی حقیقت تک رسائی کا واحد معتبر راستہ ہے؟ کیا انسانی شعور، اخلاقی اقدار، جمالیاتی تجربہ، مذہبی احساس اور وجود کے بنیادی سوالات کو بھی اسی پیمانے سے جانچا جا سکتا ہے جس سے کسی طبعی مظہر کی پیمائش کی جاتی ہے؟ایڈمنڈ ہسرل نے اپنی کتاب ’’The Crisis of European Sciences‘‘ میں جدید سائنس کے اسی فکری بحران کی نشان دہی کی۔ اس کے نزدیک جدید سائنس نے ریاضیاتی اور معروضی دنیا کی تعبیر میں غیر معمولی کامیابی حاصل کی، لیکن اس کامیابی کے دوران اس زندہ انسانی دنیا کو نظرانداز کر دیا جس میں انسان معنی، قدر، مقصد اور تجربے کے ساتھ زندگی گزارتا ہے۔ سائنس ہمیں بتا سکتی ہے کہ کسی مظہر کے وقوع پذیر ہونے کے طبیعیاتی اسباب کیا ہیں، لیکن اس سے یہ نتیجہ خودبخود برآمد نہیں ہوتا کہ انسانی زندگی کا مقصد کیا ہے یا کسی عمل کو اخلاقی طور پر درست کیوں سمجھا جائے۔

یہاں ہانس یوناس کی فکر خصوصی اہمیت اختیار کر جاتی ہے۔ اس کی کتاب ’’The Imperative of Responsibility‘‘ جدید سائنسی اور تکنیکی قوت کے اخلاقی مضمرات کا غیر معمولی مطالعہ ہے۔ انسان نے ایسی قوت حاصل کر لی ہے جس کے اثرات محض اس کی اپنی زندگی تک محدود نہیں رہے، بلکہ پوری زمین، حیاتیاتی تنوع اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کو متاثر کر سکتے ہیں۔ ایٹمی ہتھیار، ماحولیاتی تباہی اور جینیاتی مداخلت کے امکانات نے اخلاقیات کے دائرے کو غیر معمولی وسعت دے دی ہے۔ اب اخلاقی ذمے داری صرف اپنے ہم عصر انسانوں تک محدود نہیں؛ اس میں وہ نسلیں بھی شامل ہیں جو ابھی دنیا میں موجود نہیں۔ یہ اعتراضات محض فلسفیانہ موشگافیاں نہیں۔ دو عالمی جنگیں، ایٹمی تباہی، صنعتی آلودگی، حیاتیاتی تنوع کا زوال اور جدید نگرانی کے نظام اس حقیقت کی یاد دہانی کراتے ہیں کہ انسانی علم اور انسانی حکمت لازماً ایک دوسرے کے ہم معنی نہیں۔ شاید اسی لیے جدید سائنس پر سب سے سنجیدہ تنقید کرنے والے مفکرین سائنس کے دشمن نہیں تھے۔

ان کا اعتراض اس وقت پیدا ہوتا ہے جب سائنس ایک مخصوص طریقہ تحقیق سے بڑھ کر کائنات کی مکمل فلسفیانہ تعبیر، انسانی زندگی کا واحد معیار اور تہذیب کا حتمی حاکم بننے لگتی ہے۔ سائنس کا یہ دعویٰ کہ وہ کسی مظہر کے طبیعیاتی اسباب بیان کر سکتی ہے، ایک بات ہے؛ یہ دعویٰ کہ حقیقت کے تمام پہلو اسی کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں، بالکل دوسری بات۔انسان نے کائنات کو سمجھنے کے لیے سائنس پیدا کی تھی، کائنات میں اپنی حیثیت بھول جانے کے لیے نہیں، اگر علم انسان کو زیادہ صاحب اختیار، زیادہ ذمے دار اور زیادہ صاحبِ حکمت نہیں بناتا تو اس کی غیر معمولی قوت بھی ایک نئے خطرے میں تبدیل ہو سکتی ہے۔ ترقی کا اصل پیمانہ یہ نہیں کہ انسان کیا کچھ کر سکتا ہے، بلکہ یہ بھی ہے کہ وہ اپنی حاصل کردہ قوت کے ساتھ کیا کرنے کا اخلاقی حق رکھتا ہے۔سائنس کی مخالفت نہیں، سائنس کے مطلق العنان تصور کی مخالفت شاید ہمارے عہد کا سب سے اہم علمی فریضہ ہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ