مغل نہ آتے تو برصغیر کیسا ہوتا؟

400225 777336802


21 اپریل 1526۔۔۔۔۔ پانی پت کے میدان میں لڑی جانے والی جنگ اس وقت دو حکمرانوں کے درمیان تخت کی جنگ تھی مگر یہ تاریخ کا ایسا موڑ ثابت ہوئی، جس نے آنے والی صدیوں کے سیاسی، سماجی اور تہذیبی منظر نامے پر گہرے اثرات مرتب کیے۔

ایک ایسی سلطنت جس کی عظمت سے انگریزی کا لفظ Mogul نکلا، جس کے معنی شان و شوکت اور غیر معمولی اثر و رسوخ کے ہیں۔

برصغیر پر یہ اثرات اتنے نمایاں ہیں کہ آج کے پاکستان، انڈیا اور بنگلہ دیش کے بارے میں اگر یہ سوال کیا جائے کہ مغل اگر یہاں نہ آتے تو ان ممالک کا رہن سہن، معاشرت، معیشت اور زبان کیا ہوتی؟ حتیٰ کہ آج یہ ممالک اسی جغرافیہ میں ہوتے؟

کسے خبر تھی کہ فرغانہ سے جلا وطن ہونے والا ایک شہزادہ ظہیر الدین بابر جب دہلی کے سلطان ابراہیم لودھی کو شکست دے گا تو ہندوستان کی تاریخ ہمیشہ کے لیے بدل جائے گی۔

آبائی تخت کی تلاش میں فرغانہ کا شہزادہ

1494 میں بابر فرغانہ کا حکمران بنا، جب اس کے والد عمر شیخ مرزا ایک حادثے میں انتقال کر گئے۔ تب بابر کی عمر صرف 11 سال تھی۔ بابر کا حسب نسب والد کی طرف سے امیر تیمور سے ملتا تھا اور والدہ کی طرف سے وہ چنگیز خان کے خاندان سے تھے۔

کم عمری، درباری سازشوں اور آس پاس کے حکمرانوں کی رقابت کے باوجود اس نے اپنی کھوئی ہوئی سلطنت کا اہم شہر سمرقند فتح کر لیا لیکن چند ماہ بعد ہی اسے شہر سے نکلنا پڑا کیونکہ شیبانی خان جو کہ چنگیز خان کے بڑے بیٹے جوجی کی نسل سے تھا، اس نے ماورا النہر میں اپنی طاقت مستحکم کرتے ہوئے تیموری شہزادوں کو ان کے آبائی علاقوں بخارا اور سمرقند سے محروم کر دیا۔

بابر نے کئی بار شیابنی خان سے سمر قند واپس لینے کی کوشش کی مگر پےدر پے شکستوں کے بعد اس نے وسط ایشیا سے پسپائی اختیار کرتے ہوئے 1504 میں کابل پر قبضہ کر لیا، جہاں سے اس نے ایران کے بادشاہ شاہ اسماعیل کی مدد سے سمرقند 1511 میں فتح کر لیا، مگر شاید سمرقند کا تخت بابر کے لیے بنا ہی نہیں تھا۔ قدرت اسے ہندوستان لانا چاہتی تھی۔

صرف ایک سال بعد ہی بابر کو سمرقند چھوڑنا پڑا تو اس کی توجہ ہندوستان کی جانب مبذول ہو گئی جہاں سیاسی انتشار سے فائدہ اٹھاتے ہوئے وہ اقتدار حاصل کر سکتا تھا۔ مقصد زیادہ وسائل سے وسط ایشیا میں اپنے اقتدار کو دوبارہ حاصل کرنا تھا۔

پنجاب میں ابراہیم لودھی کے گورنر دولت خان کی نظریں تخت دہلی پر تھیں۔ اس نے بابر سے رابطہ کر کے اسے ہندوستان پر حملے کے لیے راضی کیا۔ 1519 سے 1524 کی مہمات کے نتیجے میں بابر لاہور تک پہنچنے میں کامیاب ہو گیا لیکن دولت خان سے اختلافات کی وجہ سے وہ دہلی تک نہیں پہنچ سکا۔

بابر کابل سے ایک بڑی فوج لے کر نومبر 1524 میں کابل سے روانہ ہوا اور پانی پت کے مقام پر خیمہ زن ہو گیا جہاں اس کا مقابلہ ابراہیم لودھی سے ہوا، جس کے پاس کئی گنا بڑی فوج تھی لیکن بابر کو توپ خانے میں برتری حاصل تھی۔ جنگ میں ابراہیم لودھی مارا گیا۔ یہ 21 اپریل 1526 کا دن تھا۔

اس روز پانی پت کے میدان میں ایک ایسی تاریخ رقم ہوئی جس نے دہلی پر خاندانِ لودھی کی حکمرانی ہی ختم نہیں کی بلکہ ایک ایسی مغلیہ سلطنت کی بنیاد رکھی، جس نے آنے والی صدیوں کے لیے ہندوستان کی تاریخ بدل کر رکھ دی۔

بابر 26 دسمبر 1530 کو انتقال کر گیا لیکن مرنے سے پہلے اس نے میواڑ، چندیری اور گھاگھرکی ریاستوں کو بھی زیر کر لیا۔ بابر کی میت کو اس کی وصیت کے مطابق کابل میں دفن کیا گیا۔

تاہم پانچ سو سال بعد تاریخ کا یہ دلچسپ سوال موجود ہے کہ اگر بابر کو سمرقند میں اپنی آبائی سلطنت دوبارہ قائم کرنے میں کامیابی مل جاتی تو کیا برصغیر کی تاریخ آج بھی وہی ہوتی جو ہم جانتے ہیں۔

مغل نہ آتے تو برصغیر کیسا ہوتا؟

بابر نے جب ابراہیم لودھی کو شکست دی تو شمالی ہندوستان میں کئی طاقتیں موجود تھیں۔ میواڑ کے راجپوت حکمران رانا سانگا مضبوط سیاسی و عسکری طاقت رکھتے تھے۔ جنوب میں وجے نگر، دکن میں بہمنی، مشرق میں بنگال اور مغرب میں گجرات و مالوہ جیسی ریاستیں بھی موجود تھیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ممکن ہے کہ ان میں سے کوئی ایک طاقتور سلطنت بن کر ابھرتی، لیکن کیا وہ مغلوں کی طرح ہندوستان کو متحد رکھ سکتی تھی؟ یا پھر ابراہیم لودھی کی جگہ کوئی اور افغان حکمران لے لیتا جیسا کہ ہمایوں سے شیر شاہ سوری نے اقتدار مختصر وقت کے لیے لے لیا تھا۔

پھر مرہٹے جن کا عروج بنیادی طور پر سترہویں صدی میں شیواجی کے دور میں ہوا۔ مغلوں کے ساتھ ان کی طویل کشمکش نے ان کی سیاسی و عسکری شناخت کو بھی متاثر کیا۔ اگر مغل سلطنت وجود میں نہ آتی تو ممکن ہے مرہٹوں کے ابھرنے کا راستہ، وقت اور سیاسی کردار مختلف ہوتا۔

ہندوستان متحد نہ ہوتا تو انگریزوں کو کسی ایک متحدہ ریاست کی بجائے الگ الگ ریاستوں سے جنگ لڑنا پڑتی اور ہو سکتا ہے کہ کوئی ایک ہندوستانی ریاست انگریزوں کے راستے کی دیوار بن جاتی۔

مغلوں کے آنے سے ہندوستان میں اسلام کی ترویج و اشاعت میں بھی مدد ملی۔ اگر مغل نہ آتے تو کیا ہندوستان کی مذہبی تقسیم اسی طرح ہوتی جیسی کہ آج ہے؟ اور اگر یہ نہ ہوتی تو شاید ہندوستان آج تین ممالک کی بجائے کئی ایک ریاستوں کا مجموعہ ہوتا، جن کے رسم و رواج، زبان اور تہذیب سب کچھ الگ ہوتی۔ اس لیے پانچ سو سال پہلے پانی پت میں بابر کی فتح میں ہی کہیں نہ کہیں قیام پاکستان کی جڑیں موجود ہیں۔

زبان اُردوئے معلّیٰ شاہجہان آباد

اردو بنیادی طور پر دہلی کے گرد و نواح میں بولی جانے والی کھڑی بولی سے ارتقا پذیر ہوئی۔ اس میں وقت کے ساتھ فارسی، عربی اور ترکی کے الفاظ شامل ہوتے گئے جس کے پس منظر میں مغل اور ان سے پہلے دہلی سلطنت کا دور بھی بہت اہم تھا جہاں مختلف زبانوں اور ثقافتوں کے لوگ جوق در جوق آ رہے تھے، جن کے باہمی میل جول سے ایک ایسی مشترکہ زبان تشکیل پانے لگی جسے مختلف ادوار میں ہندوی، دہلوی، ہندی اور ریختہ جیسے نام دیے گئے۔

تاہم اردو کی ابتدائی ادبی روایت صرف دہلی یا مغل دربار میں نہیں بنی بلکہ دکن کی سلطنتوں نے پندرہویں سے سترہویں صدی کے دوران اردو ادب کی سرپرستی کی۔

مغل دربار میں طویل عرصے تک دفتری زبان فارسی رہی۔ فارسی کی جگہ مقامی زبان کو شاہی دربار میں ’زبان اردوئے معلّٰی شاہجہان آباد‘ کا نام دیا گیا، جس کا مطلب تھا شاہجہان آباد کے عالی شان دربار کی زبان۔

وقت گزرنے کے ساتھ یہ نام مختصر ہو کر ’زبان اردو‘ اور بالآخر صرف ’اردو‘ رہ گیا۔ بعد کے مغل بادشاہوں کی سرپرستی نے اردو ادب کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ اس دور کے بہت سے بڑے شعرا کا تعلق دہلی سے تھا، جن میں میر تقی میر، مرزا محمد رفیع سودا، مرزا غالب، داغ دہلوی اور خود آخری مغل بادشاہ بہادر شاہ ظفر شامل تھے۔

مغلوں نے صرف ہندوستان کی سیاست و معاشرت نہیں بدلی بلکہ دہلی اور لاہور کے قلعوں کے ساتھ تاج محل جیسا شاہکار دیا جسے دنیا آج عجائبات عالم میں شمار کرتی ہے۔ مغل تہذیب کے اثرات یہاں کی انتظامیہ، فنون لطیفہ، خوراک اور لباس میں دیکھے جا سکتے ہیں۔

مغلوں کے فن مصوری نے ایک ایسی ہندوستانی فنی روایت کو جنم دیا، جس نے پانچ صدیوں بعد بھی لوگوں کے تخیل پر اپنی گرفت برقرار رکھی ہوئی ہے۔ اس دور کے فن پاروں کی قیمت آج اربوں روپوں میں ہے۔ مغلائی کھانے اور آج کی مقبول ڈش بریانی یہ سب مغلوں کی دین ہے۔

بابر نے تزک بابری میں لکھا تھا کہ ’یہاں اچھے گھوڑے، اچھے کتے، انگور، خربوزے اور اعلیٰ معیار کے پھل دستیاب نہیں تھے۔ یہاں برف اور ٹھنڈا پانی بھی میسر نہیں تھا۔‘

مغلوں نے وسط ایشیا سے بیج لا کر یہاں پھلوں کے باغات لگوائے۔ آج کے برِصغیر میں کھانوں سے فنون لطیفہ اور لباس تک ہر شے میں مغل اثرات نمایاں ہیں۔ اگر مغل ہندوستان میں نہ آتے تو آج ہمارے ارد گرد سب کچھ مختلف ہوتا۔

فرغانہ سے ایک شہزادے کی بیدخلی نے جنوب مشرقی ایشیا کی تاریخ ہمیشہ کے لیے بدل کر رکھ دی جن کے اثرات آنے والے 500 سو سالوں میں بھی برقرار رہیں گے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ