کراچی (اسٹاف رپورٹر) — اسٹیٹ بینک آف پاکستان آج (پیر) اپنی نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرے گا جس میں شرح سود کو برقرار رکھنے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ معاشی ماہرین اور مالیاتی اداروں کے مطابق حالیہ مہینوں میں مہنگائی کی شرح میں جزوی کمی اور روپے کی قدر میں استحکام کے باوجود شرح سود میں کمی یا اضافے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مرکزی بینک فی الحال شرح سود کو موجودہ سطح پر برقرار رکھ کر معاشی اور مالیاتی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کی پالیسی اختیار کرے گا۔ ماہرین کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر میں بتدریج بہتری اور بیرونی فنانسنگ کے امکانات نے بھی شرح سود میں فوری تبدیلی کے خدشات کو کم کر دیا ہے۔
مالیاتی اداروں کے مطابق مہنگائی کی اوسط شرح اب بھی بلند سطح پر موجود ہے جبکہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور مقامی سطح پر سیلاب کے بعد پیداوار و رسد کے مسائل معیشت کے لیے چیلنج بنے ہوئے ہیں۔ اس صورتحال میں اسٹیٹ بینک کی ترجیح مالیاتی استحکام کو برقرار رکھنا ہے۔
یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک نے گزشتہ کئی پالیسی اعلانات میں شرح سود کو موجودہ سطح پر برقرار رکھا ہے تاکہ مہنگائی پر قابو پایا جا سکے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو سہارا ملے۔
