دبئی (اسپورٹس رپورٹر) — پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشیا کپ کے دوران میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کی متنازعہ فیصلوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری تبدیلی کا مطالبہ کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو باضابطہ شکایت ارسال کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اینڈی پائی کرافٹ کے فیصلے یکطرفہ اور جانبدارانہ دکھائی دیتے ہیں، جو ٹورنامنٹ کی شفافیت اور غیر جانبداری پر سوال اٹھاتے ہیں۔
پاکستانی ٹیم مینجمنٹ کا مؤقف ہے کہ ایشیا کپ جیسے بڑے ایونٹ میں ریفری کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے، اس لیے ایسے آفیشلز کو تعینات کیا جانا چاہیے جن کی ساکھ غیر متنازع ہو۔
اطلاعات ہیں کہ ایشین کرکٹ کونسل اس معاملے پر غور کر رہی ہے اور جلد ہی حتمی فیصلہ متوقع ہے۔
