کراچی (بزنس رپورٹر) — پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کے روز کاروباری سرگرمیوں کے دوران نمایاں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا اور انڈیکس میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی۔
کاروباری دن کے آغاز پر ہی مارکیٹ میں تیزی کا رجحان غالب رہا، KSE-100 انڈیکس 415 پوائنٹس بڑھ کر 157,435 پوائنٹس کی سطح تک جا پہنچا، جبکہ کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 457 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 157,020 پوائنٹس پر بند ہوا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق مارکیٹ میں یہ مثبت رجحان حکومت کی اقتصادی پالیسیوں، مالیاتی نظم و ضبط اور ڈالر کی قدر میں معمولی کمی کے باعث دیکھنے میں آیا۔ انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت 10 پیسے کمی کے بعد 281 روپے 50 پیسے ریکارڈ کی گئی، جس سے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو تقویت ملی۔
توانائی، بینکنگ اور ٹیکنالوجی سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے بڑھنے سے بھی مارکیٹ کے رجحان کو سہارا ملا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مارکیٹ میں یہ تیزی برقرار رہی تو اس کے مثبت اثرات مہنگائی پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں اور درآمدی اشیاء کی قیمتوں میں استحکام آئے گا۔
سرمایہ کاروں نے امید ظاہر کی ہے کہ روپے کی قدر میں استحکام اور معاشی اصلاحات کے اقدامات جاری رہے تو اسٹاک مارکیٹ مزید بہتر کارکردگی دکھائے گی اور بیرونی سرمایہ کاری کے امکانات بھی روشن ہوں گے۔
