اسلام آباد: عوامی جمہوریہ چین نے ایک بار پھر پاکستان کے ساتھ اپنی دوستی اور تعاون کا ثبوت دیتے ہوئے سیلاب متاثرین کے لیے مون سون ریلیف امداد نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے ذریعے فراہم کی ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق، چین کے دو خصوصی امدادی طیارے آج نور خان ایئر بیس راولپنڈی پہنچے، جن میں 300 خیمے اور 9 ہزار کمبل شامل ہیں۔ یہ امداد پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بے گھر خاندانوں کو فراہم کی جائے گی۔
نور خان ایئر بیس پر امدادی سامان کی وصولی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک، چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ، وزارت خارجہ اور این ڈی ایم اے کے نمائندے بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر نے حکومت اور عوامِ چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ بروقت امداد ہزاروں متاثرہ خاندانوں کے لیے ریلیف کا باعث بنے گی۔ انہوں نے اس تعاون کو پاکستان-چین لازوال دوستی کی عکاسی قرار دیا، جو "ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری اور فولاد سے زیادہ مضبوط” ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان، وزیراعظم کی قیادت میں اور این ڈی ایم اے کے تعاون سے، تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ متاثرین کو فوری ریلیف اور بعد ازاں بحالی کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔