افغان نائب وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر کا افغان تاجروں کو پاکستان کے راستے تجارت نہ کرنے کا حکم

FB IMG 1762953978642 1



کابل (نیوز ڈیسک) — افغانستان کے نائب وزیراعظم برائے اقتصادی امور ملا عبدالغنی برادر نے افغان تاجروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پاکستان کے راستے تجارت ختم کر دیں اور متبادل تجارتی راستوں کا استعمال کریں۔
افغان میڈیا کے مطابق ملا برادر نے کہا کہ افغان تاجروں اور صنعت کاروں کو اب پاکستان پر انحصار نہیں کرنا چاہیے بلکہ خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینا چاہیے۔ اُنہوں نے افغان وزارتِ صنعت و تجارت کو ہدایت دی کہ وہ ازبکستان، ایران، تاجکستان اور چین کے ساتھ نئے تجارتی مواقع پیدا کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
ملا برادر نے مزید کہا کہ افغانستان خود انحصاری کی راہ پر گامزن ہے اور بیرونی دباؤ یا کسی ایک ملک پر انحصار قومی معیشت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب تجارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کی معطلی سے افغانستان کی درآمدات، خصوصاً خوراک، ادویات اور تعمیراتی سامان کی سپلائی متاثر ہو سکتی ہے۔ البتہ طالبان حکومت کا مؤقف ہے کہ وہ متبادل راستوں کے ذریعے اس کمی کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

متعلقہ پوسٹ