سرخی:
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل گرائم بیگر کی ملاقات — انسداد دہشت گردی، منشیات و انسانی سمگلنگ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد (فائزہ یونس وائس آف جرمنی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے یوکے کی نیشنل کرائم ایجنسی (NCA) کے ڈائریکٹر جنرل گرائم بیگر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، ڈی جی این سی سی آئی اے، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پولیس بھی موجود تھے۔
ملاقات میں انسدادِ دہشت گردی، منشیات، انسانی سمگلنگ، فرانزک، امیگریشن اور پولیس ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ انسدادِ منشیات اور این سی سی آئی اے سمیت مختلف اداروں کے افسران کے لیے تربیتی کورسز میں باہمی تعاون مزید فروغ دیا جائے گا۔
فریقین نے بچوں کی آن لائن ہراسانی کے سدباب کے لیے مؤثر اشتراکِ کار اور کوآرڈینیشن بڑھانے کے ساتھ ساتھ ایکسٹراڈیشن (ملزمان کی حوالگی) کے معاملات میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا۔ ملاقات میں طے پایا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ایکسٹراڈیشن سمیت دیگر شعبوں میں تعاون پر مبنی 5 ایم او یوز کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔
ڈی جی گرائم بیگر نے اسلام آباد میں حالیہ خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور پاکستان کے انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات کو سراہا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کے تمام تانے بانے ہمسایہ ملک سے ملتے ہیں، تاہم پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ میں مضبوط عزم کے ساتھ ڈٹا ہوا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان کی قربانیوں اور استقامت کی مثال دینے سے قاصر ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ جدید فرانزک، ٹیکنالوجی اور ٹریننگ کے ذریعے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتوں میں اضافہ ممکن ہے، جبکہ غیر قانونی امیگریشن روکنے کے لیے اپسکیل کے تعاون سے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ڈی جی نیشنل کرائم ایجنسی گرائم بیگر نے کہا کہ برطانیہ حکومت پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں قریبی تعاون جاری رکھے گی اور خاص طور پر انسدادِ منشیات کے ضمن میں پاکستان کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔

