اسلام آباد — ترجمان پاک فوج ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس بریفنگ کے دوران بانی پی ٹی آئی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ “اس شخص سے جب بھی کوئی جیل میں ملتا ہے تو وہ پاکستان اور اس کی افواج کے خلاف بیانیہ پھیلاتا ہے، جو انتہائی قابلِ مذمت ہے۔”
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملک دشمن بیانیے کو مختلف طریقوں سے پھیلانے کی کوششیں جاری ہیں، لیکن اداروں پر بے بنیاد الزام تراشی اور نفرت انگیزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف کا حق سب کو ہے مگر ریاست اور قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف منظم مہم ملک کے مفاد کے خلاف ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ پاک فوج ملکی استحکام، قومی یکجہتی اور دفاعِ وطن کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی، جبکہ ایسے بیانیات کا مقصد صرف قوم میں انتشار اور ریاستی اداروں کو بدنام کرنا ہے۔

