20 دسمبر 2025 – اسلام آباد: پرو ہاکی لیگ کے انعقاد کے باوجود قومی ہاکی کھلاڑی بدستور اپنے ڈیلی الاؤنس کی ادائیگی کے منتظر ہیں، ذرائع نے بتایا۔
متاثرہ کھلاڑیوں نے انکشاف کیا کہ انہیں اپنے روزمرہ کے اخراجات پورے کرنے کے لیے ادھار لینا پڑ رہا ہے۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ لیگ کے شروع ہونے سے پہلے یہ کہا گیا تھا کہ پرو ہاکی لیگ سے تمام ڈیلیز کے معاملات حل ہو جائیں گے۔ ہاکی فیڈریشن کا دعویٰ تھا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ فنڈز کی وجہ سے ڈیلیز کی ادائیگی کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔
قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے مزید بتایا کہ نومبر میں بنگلادیش کے دورے کے دوران کیمپ کی ڈومیسٹک اور بین الاقوامی ڈیلی اب تک ادا نہیں کی گئی۔
کھلاڑیوں نے کہا کہ پرو ہاکی لیگ کے کیمپ کی ڈومیسٹک اور دورے کی انٹرنیشنل ڈیلی بھی واجب الادا ہے، اور ان کی عدم ادائیگی سے کھلاڑیوں میں شدید مایوسی پائی جا رہی ہے۔

