بیورو رپورٹ راولپنڈی محمد سلیم سے
راولپنڈی: تھانہ کینٹ پولیس نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے خلاف ایک سنگین مقدمہ درج کر لیا ہے، جس میں ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے بھائیوں کے ہوٹل پر مبینہ قبضہ کروایا۔

مقدمہ راجہ شہزاد سلطان کی مدعیت میں سردار تنویر الیاس سمیت 13 افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق سردار تنویر الیاس کی ہدایت پر ان کے سپروائزر اکرام الحق نے مسلح افراد کے ہمراہ آدم جی روڈ پر واقع الشمس ہوٹل پر قبضہ کیا، جو سردار یاسر الیاس اور سردار راشد الیاس کی ملکیت ہے۔
ملزمان نے ہوٹل کے عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔ سپروائزر کی جانب سے ہوٹل کو سردار تنویر الیاس کی ملکیت قرار دے کر زبردستی خالی کرانے کی کوشش بھی کی گئی۔ پولیس کے مطابق سیکیورٹی گارڈ کو حبسِ بے جا میں رکھا گیا اور ہوٹل پر اسلحہ کے زور پر قبضہ کیا گیا۔
تھانہ کینٹ پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں، اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

