،امریکا: پاکستان سمیت کئی ممالک کے لیے امیگرنٹ ویزا سروس 21 جنوری سے معطل

IMG 20260117 WA2457

واشنگٹن — امریکی محکمہ خارجہ نے 21 جنوری سے پاکستان سمیت متعدد ممالک کے درخواست دہندگان کے لیے امیگرنٹ ویزا سروس معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی ٹرمپ انتظامیہ ویزا درخواست گزاروں کی چھان بین اور جانچ پڑتال کے اعلیٰ ترین معیار کو یقینی بناتے ہوئے امریکی شہریوں کے تحفظ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے امیگرنٹ ویزا سروس معطل کرنے کا فیصلہ فوری طور پر نافذ کر دیا ہے۔ یہ سروس اس وقت تک معطل رہے گی جب تک امریکا اس بات کو یقینی نہ بنا لے کہ تمام نئے درخواست گزار مکمل سیکیورٹی اسکریننگ سے گزر چکے ہیں اور امیگرنٹ ویزا کے لیے اپنی اہلیت مکمل طور پر ثابت کر چکے ہیں۔
سفارت خانے نے واضح کیا کہ اس اقدام میں یہ یقینی بنانا بھی شامل ہے کہ امیگریشن کی درخواست دینے والے امریکا پہنچ کر سرکاری مالی معاونت یا ریاستی امداد پر انحصار نہیں کریں گے۔
امریکی سفارت خانے نے تاکید کی کہ یہ پابندی صرف امیگرنٹ ویزا کے لیے عائد کی گئی ہے۔ نان امیگرنٹ ویزا کی درخواستوں پر اس کا کوئی اطلاق نہیں ہوگا۔ سیاحوں، طالب علموں، کھلاڑیوں، ہنر مند افرادی قوت اور ان کے اہل خانہ کے لیے ویزوں کا اجرا معمول کے مطابق جاری رہے گا۔
یہ اقدام ٹرمپ انتظامیہ کی سخت امیگریشن پالیسی کا حصہ سمجھا جا رہا ہے جو قومی سلامتی اور معاشی مفادات کو ترجیح دے رہی ہے۔

متعلقہ پوسٹ