ملک میں دہشت گردی کی واپسی کے پیچھے پی ٹی آئی ہے: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ

IMG 20260207 WA1972


خودکش دھماکے ختم ہو چکے تھے، پھر ایک حکومت آئی جس نے ‘پرامن لوگوں’ سے بات چیت کی تجویز دی — عطا تارڑ
لاہور/اسلام آباد، 7 فروری 2026 — وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے اسلام آباد میں امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ پر ہونے والے خودکش دھماکے کے تناظر میں شدید الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کی واپسی کے پیچھے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ہے۔
لاہور میں علماء کرام کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا:
"ملک میں جو دہشت گردی واپس آئی ہے، اس کے پیچھے پی ٹی آئی ہے۔ خودکش دھماکے ختم ہو گئے تھے، کراچی کا امن بحال ہو گیا تھا۔ پھر ایک حکومت آئی، کسی نے کہا تھا کہ یہ پرامن لوگ ہمارے بھائی ہیں، ان سے بات چیت کرنی چاہیے۔ آج ہم طالبان خان کی سوچ کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ حملہ آور نے افغانستان میں تربیت حاصل کی اور دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور ہینڈلرز کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ داعش خراسان سے تعلق رکھنے والا ایک افغان باشندہ ماسٹر مائنڈ گرفتار کر لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق اسلام آباد دھماکے میں شہیدوں کی تعداد 33 تک پہنچ گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 149 سے زائد ہے۔ حملہ آور کی شناخت ہو چکی ہے اور وہ پاکستانی شہری تھا جو نوشہرہ سے تعلق رکھتا تھا اور افغانستان کا دورہ کر چکا تھا۔
پی ٹی آئی نے وزیر اطلاعات کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے اسے "نفرت انگیز” قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیاسی الزام تراشی غیر ذمہ دارانہ ہے۔
حکومت نے دہشت گردی کے خاتمے کا عزم دہرایا ہے اور سیکیورٹی کو مزید سخت کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔

متعلقہ پوسٹ