: آن لائن ٹرانسپورٹ سروسز کی لازمی رجسٹریشن، غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان

FB IMG 1770623123984


اسلام آباد () – دارالحکومت میں عوامی حفاظت اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے تمام آن لائن ٹیکسی اور بائیک سروسز کی باضابطہ رجسٹریشن لازمی قرار دے دی ہے۔ اس سلسلے میں غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور سروسز کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق، کل سے تمام آن لائن ٹرانسپورٹ سروسز کی باضابطہ رجسٹریشن کا عمل شروع کیا جائے گا۔ یہ رجسٹریشن ڈیجیٹل آٹومیشن سسٹم کے تحت انجام دی جائے گی، جس میں تمام ڈرائیورز، گاڑیوں اور بائیکس کی مکمل تفصیلات ریکارڈ میں لائی جائیں گی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر تمام ٹیکسی سروسز کمپنیوں کے سی ای اوز سے رابطہ کریں اور رجسٹریشن کے عمل کو یقینی بنائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سیکریٹری اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو غیر رجسٹرڈ بائیکس اور گاڑیوں کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
نئے نظام کے تحت، تمام رجسٹرڈ گاڑیوں اور ڈرائیورز کا ڈیٹا پولیس کے ساتھ بھی شیئر کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری تفتیش اور کارروائی کو ممکن بنانا ہے۔
ڈرائیورز کے لیے لازمی شرائط ہیں کہ رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد، تمام ڈرائیورز کے لیے یہ لازمی قرار دیا گیا ہے کہ ہر مسافر کی مکمل تفصیلات ایپلیکیشن پر اپ لوڈ کی جائیں مسافر کا شناختی کارڈ نمبر درج کیا جائےاوربغیر تفصیلات اندراج کے کسی بھی مسافر کو سواری فراہم نہ کی جائے
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے واضح کیا ہے کہ یہ اقدامات شہریوں کی حفاظت، امن و امان کی بہتری، اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں شفافیت لانے کے لیے اٹھائے جا رہے ہیں۔ نئے نظام سے مسافروں اور ڈرائیورز دونوں کی حفاظت یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
حکام نے واضح کر دیا ہے کہ رجسٹریشن نہ کرانے والی تمام ٹیکسی اور بائیک سروسز کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔ غیر رجسٹرڈ گاڑیاں پکڑے جانے کی صورت میں ضبط کی جا سکتی ہیں اور ڈرائیورز کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے تمام متعلقہ کمپنیوں اور انفرادی ڈرائیورز سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد رجسٹریشن کا عمل مکمل کریں اور قانونی تقاضوں کی تعمیل کریں

متعلقہ پوسٹ