لاہور — لاہور میں پانچ سالہ بچے کے بہیمانہ قتل کا پردہ فاش ہو گیا اور یہ انکشاف ہوا کہ قاتل کوئی اور نہیں بلکہ بچے کا سگا باپ ہی تھا۔ پولیس نے تفتیش مکمل کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے اپنے مخالفین کو جھوٹے مقدمے میں پھنسانے کی غرض سے سفاکانہ منصوبہ بندی کی اور اس مکروہ سازش کے تحت اپنے ہی معصوم پانچ سالہ بیٹے کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ملزم کا مقصد قتل کا الزام اپنے دشمنوں پر ڈالنا اور انہیں قانونی پچیدگیوں میں الجھانا تھا۔
واقعے کے بعد بچے کی والدہ شازیہ بی بی کی مدعیت میں اغواء کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، تاہم پولیس نے گہری تفتیش کے بعد اصل حقیقت سے پردہ اٹھایا اور باپ کو حراست میں لے لیا۔
یہ واقعہ انسانی ضمیر کو جھنجھوڑ دینے والا ہے جس میں ایک باپ نے ذاتی دشمنی کی خاطر اپنے کلیجے کے ٹکڑے کو قربان کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف قتل عمد سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اسے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

