رمضان کے روزے دل کے امراض کے خطرات کم کرسکتے ہیں، نئی تحقیق میں انکشاف

f0888d17bb3420aeeee485ca2e6c0098 L


ماہرین صحت کے مطابق رمضان کے منظم روزے دل کے دورے، ہائی بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کے خطرات کم کرنے میں مددگار ہو سکتے ہیں، بشرطیکہ متوازن غذا اور احتیاط اختیار کی جائے۔ ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران منظم انداز میں رکھا گیا روزہ دل کے دورے اور بلند فشارِ خون سے جڑے کئی خطرات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

تحقیقی رپورٹس کے مطابق متوازن روزہ جسمانی افعال کو بہتر بنانے، کولیسٹرول کی سطح میں بہتری لانے اور بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنے میں معاون ہو سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ غیر صحت بخش غذاؤں میں کمی سے موٹاپا، بلند کولیسٹرول، فالج اور امراضِ قلب کے دیگر اسباب میں بھی کمی آ سکتی ہے۔

راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر محمد عمر نے دل کے مریضوں اور ہائی بلڈ پریشر میں مبتلا افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ روزے کے دوران چکنائی اور بھاری غذاؤں سے پرہیز کریں۔

انہوں نے گائے کے گوشت، بناسپتی گھی، مارجرین، ہائیڈروجنیٹڈ آئلز، میدے سے بنی اشیاء اور زیادہ کاربوہائیڈریٹس والی خوراک کم استعمال کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے برعکس مچھلی، سبز پتوں والی سبزیاں، سلاد اور پھلوں کو غذا کا حصہ بنانے کا مشورہ دیا گیا۔

صحت بخش چکنائی کے لیے زیتون کا تیل، کینولا آئل، بادام اور اخروٹ کو مفید قرار دیا گیا ہے جبکہ تلی ہوئی اور پراسیس شدہ اشیاء میں موجود ٹرانس فیٹس سے اجتناب کی تاکید کی گئی ہے۔ ماہرین نے پراٹھوں کے بجائے سادہ یا براؤن آٹے کی روٹی اور بغیر بالائی والے دودھ اور دہی کو ترجیح دینے کی سفارش بھی کی۔

دل کے امراض میں مبتلا افراد کو روزہ رکھنے سے قبل اپنے معالج سے مشورہ کرنے، ادویات باقاعدگی سے لینے اور تجویز کردہ غذائی منصوبے پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق مناسب احتیاط، متوازن غذا اور طبی رہنمائی کے ساتھ رمضان کے روزے صحتِ قلب کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں۔


install suchtv android app on google app store



Source link

متعلقہ پوسٹ