اسلام آباد — ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے آپریشن غضب للحق کے حوالے سے میڈیا بریفنگ میں بتایا ہے کہ پاک افغان سرحد پر جاری فوجی آپریشن میں اب تک افغان طالبان رجیم کے 274 اہلکار اور خوارج ہلاک جبکہ 400 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق 21 اور 22 فروری کی شب پاکستانی افواج نے بارڈر کے قریب فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس کے بعد افغان طالبان رجیم نے 15 سیکٹرز میں 53 مقامات پر پاکستانی چوکیوں پر فائرنگ کی — تاہم تمام 53 مقامات پر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا گیا۔
آپریشن کے دوران طالبان رجیم کی 74 سے زائد پوسٹیں مکمل تباہ کی گئیں، 18 چوکیاں پاکستانی افواج کے قبضے میں ہیں اور دشمن کے 115 ٹینک اور بکتربند گاڑیاں تباہ کی جاچکی ہیں۔
پاک فضائیہ نے کابل میں انفنٹری بریگیڈ ہیڈکوارٹر اور قندھار میں بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ کابل، پکتیا اور قندھار میں دہشتگردوں کی پناہ گاہیں اور اسلحہ ڈپو تباہ کیے گئے۔
ایبٹ آباد اور نوشہرہ پر ڈرون حملوں کو ناکام بنا دیا گیا۔ آپریشن میں پاکستانی فوج کے 12 جوان شہید اور 27 زخمی ہوئے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا کہ افغان طالبان رجیم اور دہشتگردوں میں کوئی فرق نہیں اور یہ آپریشن پاکستانی عوام کے تحفظ کے لیے وزیراعظم کی ہدایت پر جاری ہے اور اپنے مقاصد کی تکمیل تک جاری رہے گا۔

