وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی سیکیورٹی اجلاس — ایران میں پھنسے پاکستانیوں کو آذربائیجان کے راستے واپس لانے کا فیصلہ

IMG 20260228 WA2590


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر آج ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں علاقائی کشیدگی، خاص طور پر ایران کی صورتحال کے تناظر میں اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ تمام سیکیورٹی ادارے مکمل الرٹ ہیں اور ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے وفاقی اور صوبائی سطح پر تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ جامع اور مؤثر حفاظتی اقدامات فوری طور پر یقینی بنائے جائیں اور تمام ادارے باہمی رابطے اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔
ایران میں پھنسے پاکستانی شہریوں کے حوالے سے وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی کہ انہیں آذربائیجان کے راستے بحفاظت وطن واپس لایا جائے اور اس سلسلے میں آذربائیجان کی حکومت سے فوری رابطہ کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی عوام اور مسلح افواج ملک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر دم تیار ہیں۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان کی خدمات کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو پوری قوم کی طرف سے خراج تحسین پیش کیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر امور کشمیر و سیفران انجینئر امیر مقام، چاروں صوبائی چیف سیکریٹریز، انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ پوسٹ