پاور ڈویژن صنعتی صارفین کے لیے نیا اختیاری ملٹی ٹیرف نظام متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے۔ ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ صنعتی صارفین کو ٹائم آف یوز کے تحت مختلف اوقات میں مختلف نرخوں کا اختیار ملے گا، فکسڈ چارجز زیادہ سے زیادہ طلب کی بنیاد پر مقرر ہوں گے۔
پاور ڈویژن کے ترجمان کے مطابق صنعتوں کو آف پیک اوقات میں بجلی استعمال کرنے کی ترغیب دی جائے گی، پیک ڈیمانڈ کم ہونے سے بجلی نظام پر دباؤ کم ہونے کا امکان ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن کا بتانا ہے کہ سستی بجلی سے صنعتی پیداوار اور مسابقت بڑھنے کی توقع ہے۔
پاور ڈویژن نے مجوزہ ٹیرف پر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا بھی فیصلہ کیا ہے، صنعتی صارفین اور چیمبرز آف کامرس سے مشاورت کی جائے گی، ملٹی ٹیرف ٹی او یو پر پہلی آن لائن مشاورتی کانفرنس 26 مارچ کو ہوگی۔
ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ پاور سیکٹر اصلاحات سے طویل مدتی معاشی ترقی میں مدد متوقع ہے، نیا ٹیرف نظام توانائی بچت کے فروغ میں مددگار ہوگا۔


