اسلام آباد بیورو رپورٹ محمد سلیم سے
آئی جی اسلام آباد کے خصوصی احکامات پر وفاقی دارالحکومت میں جرائم پیشہ عناصر اور غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف گرینڈ کومبنگ سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ رواں ہفتے کے دوران مختلف علاقوں میں 48 سرچ آپریشنز مکمل کیے گئے جن میں لیڈیز پولیس نے بھی بھرپور حصہ لیا۔
تمام آپریشنز زونل ایس پیز کی براہِ راست نگرانی میں انجام دیے گئے۔ آپریشنز کے دوران 4,188 افراد اور 1,829 گھرانوں کی جانچ پڑتال کی گئی، جبکہ 548 دکانوں اور 93 ہوٹلوں کو بھی چیک کیا گیا۔ اس کے علاوہ 1,588 موٹر سائیکلوں اور 646 گاڑیوں کی تلاشی لی گئی۔
آپریشنز کے نتیجے میں 21 افغان باشندوں سمیت 221 مشکوک افراد، 133 موٹر سائیکلیں اور 5 گاڑیاں مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تھانوں کو منتقل کر دی گئیں۔ غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی جی اسلام آباد نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیس چیکنگ میں بھرپور تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔ اسلام آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔

