پشاور — جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے آئندہ جمعے کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا۔
پشاور میں جے یو آئی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے دو روزہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں نے عام آدمی کا سکون چھین لیا ہے اور ہر گھر متاثر ہوا ہے۔
انہوں نے حکومت پر یہ بھی الزام لگایا کہ گھریلو تشدد، ٹرانس جینڈر اور کم عمری کی شادی پر پابندی جیسے قوانین اسلامی تعلیمات سے متصادم ہیں اور انہیں فوری طور پر ختم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے بیوی کو خاوند کی جائیداد میں 50 فیصد حصہ دینے کے مجوزہ قانون پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا کہ 12 اپریل کو مردان سے حکومت مخالف تحریک کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ کا اِن کیمرہ اجلاس بلایا جائے، ملکی سلامتی اور عالمی صورتحال پر اپوزیشن کو اعتماد میں لیا جائے اور واضح کیا جائے کہ مغربی اور مشرقی سرحدوں پر پاکستان کا موقف کیا ہے۔

