(24نیوز )سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر ڈپازٹ دینے کا اعلان کرتے ہوئے ایک بار پھر دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات اور بھائی چارے کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔
مؤقر قومی اخبار کے مطابق سعودی قیادت نے حالیہ دنوں میں اپنے وزیر خزانہ کو پاکستان بھیجا، جنہوں نے پاکستانی قیادت کو یقین دہانی کرائی کہ ایک خلیجی ملک کی جانب سے تقریباً 3 ارب ڈالر کی واپسی کے باعث پیدا ہونے والا زرِ مبادلہ کا خلا سعودی عرب پورا کرے گا۔
اخبار کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اسی مالیت کا ڈپازٹ اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں رکھے گا، تاکہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم رہیں۔ حکام نے اس اقدام کو “غیر معمولی اور خصوصی” قرار دیا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایران سے مذاکرات کا دوسرا مرحلہ،وائٹ ہاؤس کاردعمل بھی سامنے آگیا
یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک میں پہلے ہی سعودی عرب کے تقریباً 5 ارب ڈالر کے ڈپازٹس موجود ہیں۔ پاکستانی سول و عسکری قیادت نے اس بروقت تعاون پر سعودی ولی عہد کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے، جہاں وہ ولی عہد سے ملاقات میں اس حمایت پر اظہار تشکر کریں گے۔ اس موقع پر وہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی کوششوں اور اسلام آباد مذاکرات سے متعلق بھی سعودی قیادت کو آگاہ کریں گے۔
ماہرین کے مطابق سعودی تعاون اور پاکستان کی ثالثی کوششیں خطے میں استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔


