اسلام آباد —
OIC-COMSTECH اور ہواوے ٹیکنالوجیز پاکستان کے درمیان ایک تاریخی مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے ہیں جس کے تحت COMSTECH-Huawei ICT Academy کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ یہ اکیڈمی OIC کے 57 رکن اور 5 مبصر ممالک کے نوجوانوں میں ڈیجیٹل صلاحیتوں کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
افتتاحی تقریب میں ہواوے پاکستان کے سی ای او ایتھن سن نے کہا کہ ہواوے نوجوانوں کو عالمی معیشت میں کامیابی کے لیے ڈیجیٹل مہارتوں سے لیس کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن تھے۔
OIC-COMSTECH کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ یہ شراکت داری OIC خطے میں ڈیجیٹل خود انحصاری کے حصول کی جانب ایک انقلابی قدم ہے۔
اکیڈمی میں 5G، مصنوعی ذہانت، کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور سائبر سیکیورٹی میں خصوصی سرٹیفکیشن پروگرام پیش کیے جائیں گے۔ تقریب میں صومالیہ، ملائیشیا، مراکش، ماریشس، آذربائیجان، الجزائر اور برونائی دارالسلام کے سفراء نے بھی شرکت کی۔

