وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا بڑا فیصلہ: گندم فروخت کی حد ختم

IMG 20260420 WA2027


کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گندم فروخت کی پابندی ختم کرنے کا بڑا فیصلہ کر دیا ہے، جس کے تحت چھوٹے کسان اب بغیر کسی حد کے اپنی گندم فروخت کر سکیں گے۔
پیر کے روز گندم خریداری مہم کے جائزے کے لیے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ فی ایکڑ صرف پانچ بوری کی پرانی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ گندم خریداری مہم کو تیز کیا جائے اور کسانوں کو فوری ادائیگیاں یقینی بنائی جائیں۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا کہنا تھا: ”اب چھوٹے آبادگار بغیر کسی پابندی کے گندم فروخت کر سکیں گے۔ فی ایکڑ پانچ بوری کی شرط ختم کرنے سے ہمارے محنت کش ہاریوں کو بڑا ریلیف ملے گا۔“
اجلاس میں صوبائی وزیر شرجیل میمن، مخدوم محبوب الزمان اور فوڈ و زراعت محکموں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔ وزیراعلیٰ نے خریداری کی سست رفتار پر تشویش کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں خریداری مراکز مکمل طور پر فعال کر دیے جائیں تاکہ صوبائی ٹارگٹ حاصل کیا جا سکے۔
یہ فیصلہ سندھ کے چھوٹے کسانوں کے لیے خوش آئند ہے، جو صوبے کی زرعی معیشت کا اہم حصہ ہیں۔ اس سے کسانوں کو سرکاری مراکز پر گندم لانے میں آسانی ہو گی اور مارکیٹ میں استحکام پیدا ہو گا۔

متعلقہ پوسٹ