"خواتین کی رہائی مذاکرات کا بہترین آغاز ہوگی” — ایرانی مذاکرات کاروں کے نام براہ راست پیغام
واشنگٹن ڈی سی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے ایران سے مطالبہ کیا کہ پھانسی کی سزا کی منتظر 8 ایرانی خواتین قیدیوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
ٹرمپ نے ایرانی مذاکرات کاروں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ "میں ان خواتین کی رہائی کو بہت سراہوں گا۔ براہِ کرم قیدیوں کو کوئی نقصان نہ پہنچایا جائے۔” انہوں نے واضح کیا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان جاری مذاکرات کے لیے نیک نیتی کا واضح اشارہ ہوگا۔
امریکی صدر نے کہا کہ خواتین کی رہائی مذاکرات کا بہترین آغاز ثابت ہوگی اور اس سے دونوں فریقوں کے درمیان اعتماد سازی کا عمل تیز ہوگا۔ ٹرمپ نے یہ بیان ایسے وقت دیا ہے جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان جوہری پروگرام سمیت متعدد امور پر بالواسطہ مذاکرات جاری ہیں۔
انسانی حقوق کی تنظیموں نے ٹرمپ کے اس بیان کو خوش آئند قرار دیا ہے تاہم ساتھ ہی مطالبہ کیا ہے کہ محض بیانات سے آگے بڑھ کر عملی سفارتی دباؤ ڈالا جائے۔
تہران کی جانب سے ابھی تک کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا۔

