کیش لیس سسٹم اور گھر تک ڈیلیوری — وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا بڑا اعلان
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عوام کو بڑی سہولت فراہم کرتے ہوئے نارمل پاسپورٹ کے اجرا کی مدت 21 دن سے کم کرکے 14 دن کردی ہے۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاسپورٹ سروسز کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور شہریوں کو درپیش مشکلات کو کم سے کم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے پاسپورٹ دفاتر میں 15 روز کے اندر مکمل کیش لیس نظام رائج کرنے کا ٹاسک بھی متعلقہ حکام کو دے دیا۔
اس کے علاوہ پاسپورٹ کی گھروں کی دہلیز تک ڈیلیوری کے نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
یہ اقدامات ملک بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں یکساں طور پر نافذ کیے جائیں گے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام اور تیز تر اجرا سے نہ صرف کرپشن میں کمی آئے گی بلکہ عوام کا قیمتی وقت بھی بچے گا۔

