اسلام آباد — وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج شام قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم آل ثانی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہونے والی اس گفتگو میں علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کشیدگی میں کمی اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی امن کوششوں کی بھرپور حمایت پر قطری قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے علاقائی سفارت کاری میں قطر کے تعمیری کردار اور جاری ثالثی کوششوں کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنے پر بھی گہری قدردانی کا اظہار کیا۔
دونوں رہنما اس بات پر متفق ہوئے کہ مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تمام فریقوں کے درمیان قریبی رابطہ اور مسلسل مذاکرات ضروری ہیں۔
وزیراعظم نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کو سلام اور نیک خواہشات پہنچائیں اور کہا کہ وہ جلد ہی امیر قطر کے پاکستان کے سرکاری دورے کے منتظر ہیں۔ دونوں فریقوں نے اتفاق کیا کہ گفتگو کے نتائج پر عمل درآمد کے لیے اعلیٰ سطحی رابطے جاری رکھے جائیں گے۔

