بیجنگ: چین نے امریکا کو سخت لہجے میں خبردار کیا ہے کہ وہ کیوبا پر دباؤ اور دھمکیوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے۔ چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ چین ہر قسم کی بیرونی مداخلت کے خلاف کیوبا کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
چینی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ کیوبا ایک خودمختار ریاست ہے اور اسے اپنے داخلی معاملات خود طے کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔ کسی بھی ملک کو دھمکیوں یا اقتصادی دباؤ کے ذریعے کیوبا کی پالیسیوں کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے امریکی پالیسی کو بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔
چین اور کیوبا کے درمیان دہائیوں پر محیط قریبی سفارتی، اقتصادی اور سیاسی تعلقات ہیں۔ حالیہ برسوں میں بیجنگ نے کیوبا میں سرمایہ کاری اور تجارت میں نمایاں اضافہ کیا ہے، جسے واشنگٹن اپنے قریبی خطے میں چینی اثرورسوخ کی توسیع کے طور پر دیکھتا ہے۔

