لندن — برطانوی اخبار "دی آبزرور” کی رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر پیر ۲۲ جون کو اپنے استعفیٰ کا اعلان کرسکتے ہیں اور انہوں نے اپنی روانگی کے لیے ایک ٹائم ٹیبل بھی طے کرلیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسٹارمر نے کابینہ کے وزراء، مشیروں، عطیہ دہندگان اور ٹریڈ یونین لیڈروں سے مشاورت کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ وزیراعظم کے طور پر ان کا عہدہ مزید پائیدار نہیں رہا۔ بتایا جاتا ہے کہ اسٹارمر حتمی فیصلہ کرنے سے قبل اپنی اہلیہ سے بھی اس معاملے پر تبادلہ خیال کر رہے تھے۔
برطانوی وزیراعظم پر دباؤ اس وقت مزید بڑھ گیا جب اینڈی برنہم نے میکرفیلڈ ضمنی انتخاب میں فیصلہ کن کامیابی حاصل کی، جس کے بعد لیبر پارٹی کے اندر قیادت کی تبدیلی پر قیاس آرائیاں تیز ہوگئیں۔ متعدد لیبر ایم پیز اسٹارمر سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ روانگی کا ٹائم ٹیبل طے کریں اور اینڈی برنہم کو ہموار منتقلیِ اقتدار یقینی بنائیں۔
واضح رہے کہ اس ماہ کے اوائل میں اسٹارمر نے بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں استعفے کے تمام امکانات مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ذاتی انا یا ضد کا نہیں بلکہ فرض کے گہرے احساس کا معاملہ ہے، تاہم بدلتے ہوئے سیاسی حالات نے صورتحال یکسر بدل دی ہے۔

