بیجنگ، ۲۵ جون ۲۰۲۶ء
برطانوی حفظانِ صحت کے عالمی شہرت یافتہ برانڈ ڈیٹول کو چین میں اپنے ایک اشتہار کے باعث شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور بالآخر کمپنی نے عوامی معافی مانگ لی۔ پانچ منٹ دورانیے کا یہ اشتہار کثیرالمقاصد جراثیم کش کی تشہیر کیلئے تیار کیا گیا تھا، جس میں بظاہر صنفی تعصب کو تنقید کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم یہ اشتہار خود ہی تنازع کا شکار ہو گیا۔
اشتہار کے آغاز میں ایک مرد ”صاف” اور ”دوسرے مردوں سے داغدار نہ” شریکِ حیات کی تلاش میں نظر آتا ہے، بعد ازاں اس کی گرل فرینڈ اس کے صنفی تعصبات پر اس سے تعلق ختم کر لیتی ہے اور ڈیٹول کو ”ٹاکسک آدمی بالکل بیکٹیریا کی طرح ہوتے ہیں” کے پیغام کے ساتھ حل کے طور پر پیش کیا گیا۔ چینی سوشل میڈیا پر اشتہار کے مختصر کلپس وائرل ہوئے، جن پر صارفین نے شدید ردعمل ظاہر کیا اور ڈیٹول مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ بھی کیا۔
کمپنی نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ اشتہار میں خواتین کو معروضی انداز میں پیش کرنے کی کوتاہی کی مکمل ذمہ داری قبول کی جاتی ہے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کیلئے مواد کی تیاری اور منظوری کے نظام کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ یہ ڈیٹول کا چین میں دوسرا ایسا تنازع ہے، گزشتہ سال بھی کمپنی کے ایک اشتہار میں خواتین کے بارے میں توہین آمیز پیغام پر شدید تنقید ہو چکی ہے

