پاکستان: شارجہ سے کراچی آنے والا نجی کارگو طیارہ لاپتہ، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری


کراچی: پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی (PAA) نے تصدیق کی ہے کہ متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ سے کراچی آنے والا ایک نجی کارگو طیارہ دورانِ پرواز لاپتہ ہوگیا، جس کے بعد سمندر میں تلاش اور امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔
پی اے اے کے مطابق کے ٹو ایئرویز کا بوئنگ 737-400 کارگو طیارہ، پرواز نمبر KTA1732، رجسٹریشن AP-BOI، شارجہ سے فیری فلائٹ (بغیر کارگو) کے طور پر کراچی واپس آ رہا تھا۔
حکام کے مطابق رات 9 بج کر 18 منٹ پر، کراچی سے تقریباً 150 میل جنوب میں ایوی ایشن روٹ G216 پر طیارے نے نیویگیشن خرابی کی اطلاع دی اور ہدایات طلب کیں۔ کچھ ہی لمحوں بعد طیارہ دائیں جانب مڑا اور تیزی سے بلندی کھونے لگا — گرنے کی رفتار 15 ہزار فٹ فی منٹ ریکارڈ کی گئی۔ رات 9 بج کر 21 منٹ پر، کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل مغرب میں طیارہ ریڈار اور مواصلاتی رابطے سے مکمل طور پر غائب ہوگیا۔
عملے کے پانچ افراد سوار تھے: پائلٹ محمد رضوان ادریس، فرسٹ آفیسر فیصل محمود جتوئی، لوڈ ماسٹر محمد توفیق خان، اور دو ایئرکرافٹ انجینیئرز محمد حامد اور محمد عارف صدیقی۔
ذرائع کے مطابق طیارہ فنی خرابی کے باعث پانچ روز شارجہ میں مرمت کے لیے رکا رہا تھا، جہاں یہ کام "Northern Techniques” نامی کمپنی نے کیا، جسے پاکستان کے سابق مشیرِ ہوابازی سے منسلک بتایا جا رہا ہے۔
پی اے اے نے واقعے کے فوراً بعد ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر فعال کر دیا، اور مختلف اداروں کے تعاون سے سمندر میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

متعلقہ پوسٹ