بھارت:تلنگانہ میں پرنسپل کا قتل 2 طلبہ گرفتار

news 1787218179 5083



news 1787218179 5083

(24 نیوز)بھارت کی ریاست تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ میں پولیس نے 48 سالہ سکول پرنسپل کے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے دسویں جماعت کے 2 طالب علموں کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق دونوں طلبہ نے مبینہ طور پر رقم حاصل کرنے اور شاہانہ اخراجات کے لیے قتل کی منصوبہ بندی کی تھی، تاہم واردات کے بعد ان کے غیر معمولی اخراجات نے پولیس کو ان تک پہنچنے میں مدد دی۔

نلگنڈہ کے کونڈاملی پلی میں ناگارجنا پبلک سکول کی پرنسپل اور ڈائریکٹر کلو روپا ریڈی 12 اگست کو اپنے گھر میں مردہ پائی گئی تھیں، ان کے جسم پر چاقو کے 27 زخم تھے۔ خاتون کے شوہر اس وقت حیدرآباد میں تھے اور مسلسل فون کرنے کے باوجود جواب نہ ملنے پر انہوں نے پڑوسیوں کو گھر بھیجا، جنہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔

 پولیس نے تحقیقات کے لیے 5 ٹیمیں تشکیل دیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج، فرانزک شواہد، فنگر پرنٹس، تکنیکی معلومات اور مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کا جائزہ لیا، اس دوران پولیس کو روپا ریڈی کی اپنی خالہ سے آخری فون گفتگو کا سراغ ملا۔ فون بند ہونے سے قبل خاتون نے ’بابو‘ کا لفظ استعمال کیا تھا، جس نے تفتیش کاروں کو سکول کے طلبہ تک پہنچایا۔

پولیس نے 5 ایسے دسویں جماعت کے طلبہ کی نشاندہی کی جو واقعے کے بعد سکول نہیں آئے تھے، ان میں سے 2 طلبہ کے بارے میں معلوم ہوا کہ وہ اچانک بڑی رقم خرچ کررہے اور پارٹیاں دے رہے تھے، بدھ کو دونوں کو حراست میں لیا گیا، جہاں پولیس کے مطابق انہوں نے قتل کا اعتراف کیا۔

مزید پڑھیں:اسٹکی نوٹ پر 150 الفاظ، خاتون کا عالمی ریکارڈ

تفتیش کے مطابق دونوں طلبہ نے روپا ریڈی سے بدلہ لینے کے ساتھ رقم چوری کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، ماضی میں پرنسپل نے ان کے ہاسٹل بیگز سے نقد رقم اور موبائل فون برآمد ہونے پر انہیں سرزنش کی تھی اور والدین کو اطلاع دی تھی، جس کے بعد انہیں ہاسٹل سے نکال کر ڈے اسکالر بنا دیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق طلبہ نے 5 روز تک گھر کی نگرانی کی، چاقو اور شناخت چھپانے کے لیے دستانے خریدے، واردات کے روز ایک طالب علم نے ٹوپی اور دستانے پہن کر گھر میں داخل ہوکر تقریباً ڈھائی لاکھ بھارتی روپے دیکھے اور فرار ہونے لگا، تاہم ٹوپی گرنے سے روپا ریڈی نے اسے پہچان لیا، شناخت ظاہر ہونے کے خوف سے طالب علم نے چاقو سے ان پر 27 وار کیے۔

قتل کے بعد ملزمان نقد رقم لے کر فرار ہوگئے اور خون آلود کپڑے اور ٹوپی دفن کرکے شواہد چھپانے کی کوشش کی، پولیس کے مطابق دونوں بعد میں گوا بھی گئے، ملزمان سے ایک لاکھ 54 ہزار بھارتی روپے، خون کے دھبوں والے بعض نوٹ، خریدا گیا آئی فون اور مقتولہ کا موبائل فون برآمد کرلیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے واردات سے قبل ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم پر جلدی رقم کمانے کے طریقے بھی تلاش کیے تھے





Source link

متعلقہ پوسٹ