پیرس — فرانسیسی وزارت خارجہ نے واضح کر دیا ہے کہ ایران پر عائد پابندیاں ہٹانے کے لیے یورپی ممالک کی رضامندی لازمی ہے اور اگر کوئی بھی معاہدہ فرانس کے سلامتی مفادات سے متصادم ہوا تو پیرس اس راہ میں رکاوٹ بنے گا۔
فرانسیسی وزارت خارجہ کے ذرائع نے پیر کو کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ایک ابتدائی قدم ہے، تاہم آئندہ کے مراحل کہیں زیادہ پیچیدہ اور مشکل ہیں۔ فرانس نے پابندیاں اٹھانے سے قبل ایران کے جوہری پروگرام پر بین الاقوامی نگرانی کی مضبوط ضمانتیں طلب کی ہیں۔
لبنان کے حوالے سے فرانس کو خدشہ ہے کہ یہ مسئلہ امریکہ ایران معاہدے کی ناکامی کا سبب بن سکتا ہے۔ فرانس اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر لبنان میں یونیفل کے متبادل کثیرالقومی فوج تعینات کرنے پر غور کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ ایران پر عائد پابندیاں ہٹانے کا اختیار صرف امریکہ کے پاس نہیں بلکہ چین، فرانس، برطانیہ اور روس بھی اس عمل میں فریق ہیں۔ فرانس سوئٹزرلینڈ میں جاری تکنیکی مذاکرات میں بھی شرکت کا ارادہ رکھتا ہے۔

