انڈونیشیا، آتش فشاں کی راکھ خطرناک ہو گئی، 8 ایئرپورٹس بند، سیکڑوں پروازیں معطل
آتش فشانی راکھ کے باعث زیادہ تر سنگاپور سے آنے اور جانے والی پروازیں متاثر ہوئی ہیں
انڈونیشیا میں آتش فشاں سے نکلنے والی راکھ خطرناک حد تک پھیلنے کے باعث فضائی سفر شدید متاثر ہوگیا مختلف ایئرپورٹس پر پروازوں کی آمدورفت معطل کردی گئی۔
انڈونیشیا کے وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق آتش فشاں کی سرگرمی کے باعث ملک کے 8 ہوائی اڈوں پر پروازیں معطل کی گئی ہیں جبکہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد مسافر مختلف ایئرپورٹس پر پھنس گئے ہیں۔
وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق دارالحکومت جکارتہ کا سوئیکارنو ہاٹا انٹرنیشنل ایئرپورٹ بھی بند کردیا گیا ہے جبکہ گزشتہ دو روز کے دوران 712 سے زائد پروازیں متاثر ہوچکی ہیں۔
آتش فشانی راکھ کے باعث زیادہ تر سنگاپور سے آنے اور جانے والی پروازیں متاثر ہوئی ہیں جبکہ دوحہ، سڈنی اور کوالالمپور سمیت دیگر اہم بین الاقوامی روٹس بھی فضائی تعطل کی زد میں ہیں۔
حکام کے مطابق 4 ستمبر سے آتش فشاں سے لاوے اور راکھ کا اخراج مسلسل جاری ہے جس کے باعث فضائی سفر کے لیے صورتحال خطرناک ہوگئی ہے اور پروازوں کی بحالی صورتحال میں بہتری سے مشروط ہے۔

