پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ نے اتوار کو 52 برس کی عمر میں دوسری شادی کر لی۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل نے پیر کو رپورٹ کیا کہ جمائما نے 62 سالہ آئرش آسٹریلوی کاروباری شخصیت کیمرون او ریلی سے شادی کی۔
’میل آن سنڈے‘ نے رواں سال مئی میں بتایا تھا کہ ایک سال سے جاری تعلق کے بعد دونوں کی منگنی ہوئی تھی۔
جمائما کے بھائی بین گولڈ سمتھ نے شادی کی تصدیق کی جبکہ ان کی بھابھی جمائما جونز نے انسٹاگرام پر شادی کی تقریب ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ جمائما اور کیمرون کی شادی کی خوشی منا رہی ہیں اور یہ ایک خوشی کا دن ہے۔
کیمرون او ریلی کون ہیں؟
ڈیلی میل کے مطابق جمائما اور کیمرون کی ملاقات فلم اور دستاویزی فلموں کی تیاری کے دوران ہوئی، جہاں کیمرون کئی پروجیکٹس میں ایگزیکٹو پروڈیوسر کے طور پر کام کر چکے ہیں۔
دونوں پہلے قریبی دوست تھے اور بعد میں ایک سال سے زیادہ عرصے تک خاموشی سے تعلق میں رہے۔
کیمرون او ریلی آکسفورڈ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں اور آئرلینڈ کے میڈیا ٹائیکون سر اینتھنی او ریلی کے بیٹے ہیں۔
وہ ماضی میں آسٹریلیا کی بڑی میڈیا کمپنی اے پی این نیوز اینڈ میڈیا، جسے اب اے آر این میڈیا کہا جاتا ہے، کے چیف ایگزیکٹو بھی رہ چکے ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے نجی سرمایہ کاری کی کمپنی بیارڈ کیپیٹل قائم کی۔ ان کی سابقہ شادی سے چار بچے ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جمائما، جن کا پورا نام جمائما مارسیل گولڈ سمتھ ہے، ارب پتی فنانسر سر جیمز گولڈ سمتھ اور لیڈی اینابیل گولڈ سمتھ کی بیٹی ہیں۔ ان کی والدہ لیڈی اینابیل کا تقریباً ایک سال قبل انتقال ہوا، جبکہ سر جیمز گولڈ سمتھ 1997 میں انتقال کر گئے تھے۔
عمران خان سے شادی اور طلاق
جمائما نے 21 برس کی عمر میں 1995 میں اس وقت کے 42 سالہ عمران خان سے شادی کی تھی۔ اس وقت عمران خان کرکٹ کے معروف کھلاڑی تھے اور سیاست میں قدم رکھنے کی تیاری کر رہے تھے۔
دونوں کے ہاں دو بیٹے سلیمان اور قاسم پیدا ہوئے۔ جون 2004 میں دونوں میں طلاق ہو گئی، جس کے بعد جمائما اپنے بچوں کے ساتھ لندن واپس چلی گئیں اور دستاویزی فلموں کی پروڈیوسر اور سکرین رائٹر کے طور پر کام جاری رکھا۔
عمران خان بعد میں پاکستان کے وزیراعظم بنے اور 2018 میں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالا۔ انہیں اپریل 2022 میں تحریک عدم اعتماد کے ذریعے عہدے سے ہٹا دیا گیا، جبکہ 2023 میں انہیں کرپشن کے الزامات سے متعلق مقدمات میں جیل بھیج دیا گیا۔
جمائما نے اپنی دوسری شادی کے حوالے سے اب تک عوامی طور پر کوئی بیان نہیں دیا۔

