عمران خان کی شفا اسپتال منتقلی کا معاملہ، وفاقی آئینی عدالت نے سپریم کورٹ سے ریکارڈ منگوالیا

fcc imran khan1789480138 0



وفاقی آئینی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی شفا اسپتال منتقل کے معاملے پر سپریم کورٹ اور ہائی کور سے کیس کا ریکارڈ منگوالیا۔

چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل 3 رکنی بینچ نےبانی پی ٹی آئی کی طرح تین قیدیوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی۔

وفاقی آئینی عدالت نے سماعت کے بعد جاری اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ یہ مقدمہ 18 اگست کے سپریم کورٹ کے حکم کے پیش نظر کیس اسلام آباد ہائی کورٹ اور اس کے بعد وفاقی آئینی عدالت میں آیا ہے، آرٹیکل 175-ای کی شق پانچ کے تحت سپریم کورٹ میں زیر التوا کیس اور اس سے منسلک مقدمات کا تمام ریکارڈ رجسٹرار وفاقی آئینی عدالت منگوائیں اور اس سے متعلقہ کسی بھی ہائی کورٹ میں کوئی مقدمہ زیر التوا ہو تو اس کا ریکارڈ بھی پیش کیا جائے۔

سماعت کے دوران وفاقی آئینی عدالت کو اٹارنی جنرل نے کہا کہ آرٹیکل 175 ای کی ذیلی شق 5 کے تحت وفاقی آئینی عدالت آئینی تشریح کے سوال پر ملک کی کسی بھی عدالت کا ریکارڈ منگوا سکتی ہے۔

اس موقع پر جسٹس علی باقر نجفی نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے سپریم کورٹ میں اعتراض اٹھایا تھا؟ جس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ سپریم کورٹ نے ہمیں نوٹس جاری کیے بغیر حکم دیا تھا، تاہم ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے سپریم کورٹ میں اعتراض اٹھایا تھا۔

جسٹس علی باقر نجفی نے مزید استفسار کیا کہ کیا سپریم کورٹ کو درخواست کے قابل سماعت ہونے کا معاملہ طے نہیں کرنا چاہیے تھا تو اٹارنی جنرل نے کہا کہ بالکل ایسا ہی ہے، آئینی تشریح کا اختیار اب وفاقی آئینی عدالت کے پاس ہے۔

سماعت کے بعد وفاقی آئینی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی شفا اسپتال منتقلی کے معاملے پر سپریم کورٹ سے ریکارڈ منگوا لیا اور ملک بھر کی ہائی کورٹس سے بھی اس نوعیت کے تمام مقدمات کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ کسی بھی ہائی کورٹ میں اس نوعیت کا کوئی کیس زیرالتوا ہو تو اس کا ریکارڈ وفاقی آئینی عدالت کو بھجوایا جائے۔

وفاقی آئینی عدالت میں مذکورہ مقدمے کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔



Source link

متعلقہ پوسٹ